نئی دہلی/ آواز دی وائس
کوئلہ مافیا نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کے روز جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں 40 سے زائد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔
ای ڈی کے رانچی زون اور کولکتا زون کے دفاتر نے مخصوص ان پٹ کی بنیاد پر جمعہ کی صبح سے کوئلہ مافیا کے خلاف یہ علیحدہ چھاپے شروع کیے۔ جن مقامات پر کارروائی ہو رہی ہے اُن میں ملزمان کے گھروں، دفاتر اور اُن سے وابستہ دیگر جگہیں شامل ہیں۔ یہ تلاشی کارروائیاں جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کی ریاستی پولیس فورسز کے قریبی تعاون سے جاری ہیں۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں کوئلہ مافیا کے خلاف 40 سے زیادہ ٹھکانوں پر مربوط کارروائی ہے۔ ای ڈی کا رانچی زونل دفتر جھارکھنڈ میں 18 مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دے رہا ہے، جو کوئلہ چوری اور اسمگلنگ کے کئی بڑے معاملات سے متعلق ہیں، جن میں انیل گوئل، سنجے ادیوگ، ایل بی سنگھ اور امر منڈل جیسے افراد کے معاملات شامل ہیں۔
اہلکاروں کے مطابق ،ان تمام کیسز کا مجموعی حجم کوئلے کی وسیع پیمانے پر چوری اور غبن سے متعلق ہے، جس سے حکومت کو سینکڑوں کروڑ روپے کا بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔ آپریشن کے دوران نریندر کھارکا، انیل گوئل، یدھستھیر گھوش، کرشن موریاری کایال اور دیگر سے منسلک مقامات کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، ای ڈی کا کولکتا زونل دفتر مغربی بنگال کے ضلع درگاپور، پوریلیا، ہوڑہ اور کولکتا میں 24 مقامات پر چھاپے مار رہا ہے، جو غیر قانونی کوئلہ کان کنی، غیر قانونی نقل و حمل اور کوئلے کے ذخیرہ اندوزی سے متعلق کیس سے جڑے ہوئے ہیں۔