نئی دہلی
وزارتِ داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہریت قواعد 2009 میں ترامیم کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے درخواست دہندگان کے لیے پاسپورٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے نئے ضابطے شامل کیے گئے ہیں۔
پیر کی دیر رات جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ترمیم شدہ قواعد، جنہیں ’’شہریت (ترمیمی) قواعد، 2026‘‘ کا نام دیا گیا ہے، سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے فوراً بعد نافذ العمل ہو گئے ہیں۔شہریت ایکٹ 1955 کی دفعہ 18 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مرکزی حکومت شہریت قواعد 2009 میں مزید ترمیم کرنے کے لیے یہ قواعد نافذ کرتی ہے، جنہیں ’شہریت (ترمیمی) قواعد، 2026‘ کہا جائے گا۔
ان ترامیم کے تحت ’’شہریت قواعد کی ’شیڈول آئی سی‘ میں ایک نئی شق شامل کی گئی ہے، جس کے مطابق درخواست دہندگان کو یہ بتانا ہوگا کہ آیا ان کے پاس پاکستان، افغانستان یا بنگلہ دیش کی حکومتوں کی جانب سے جاری کردہ کوئی کارآمد یا میعاد ختم شدہ پاسپورٹ موجود ہے یا نہیں۔ترمیم شدہ ضابطے کے مطابق درخواست دہندگان کو یا تو یہ تصدیق کرنا ہوگی کہ ان کے پاس ایسا کوئی پاسپورٹ نہیں ہے، یا اگر موجود ہے تو اس کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں پاسپورٹ نمبر، اجرا کی تاریخ اور مقام، اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ شامل ہوگی۔
اس کے علاوہ، ’’جن افراد نے ایسے پاسپورٹ رکھنے کا اعلان کیا ہے، انہیں اپنی شہریت کی درخواست منظور ہونے کے 15 دن کے اندر متعلقہ ڈاک حکام کے حوالے وہ پاسپورٹ جمع کرانے کا عہد بھی کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق اس ترمیم کا مقصد ان ممالک سے آنے والے افراد کی شہریت کی درخواستوں میں دستاویزی عمل کو زیادہ منظم بنانا اور طریقۂ کار میں وضاحت پیدا کرنا ہے۔اصل شہریت قواعد پہلی بار 25 فروری 2009 کو نافذ کیے گئے تھے، جبکہ ان میں آخری ترمیم 11 مارچ 2024 کو کی گئی تھی۔
پارلیمان نے دسمبر 2019 میں شہریت (ترمیمی) بل 2019 منظور کیا تھا، جس کے دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ یہ قانون ہندو، سکھ، بودھ، جین، پارسی اور عیسائی برادریوں سے تعلق رکھنے والے اُن افراد کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا، جو پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں مذہبی بنیادوں پر ظلم و ستم کا سامنا کرنے کے بعد ہندوستان آئے ہیں۔
امت شاہ نے اُس وقت یہ بھی دہرایا تھا کہ یہ قانون ہندوستان میں کسی بھی اقلیتی برادری کے خلاف نہیں ہے اور ہر ہندوستانی شہری کے حقوق کا یکساں تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ نریندر مودی حکومت ملک کے ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
بعد ازاں امت شاہ نے کہا تھا کہ اس قانون کا مقصد اُن افراد کو باعزت زندگی فراہم کرنا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں تک مذہبی ظلم و ستم برداشت کیا۔ اگر وہ شہریت حاصل کرنے کی شرائط پوری کرتے ہیں تو انہیں ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔وزیرِ داخلہ نے مزید کہا تھا کہ شہریت کا اطلاق ہندوستان میں داخلے کی تاریخ اور سال سے ہوگا، اور ان کے خلاف جاری تمام مقدمات اور قانونی کارروائیاں ختم کر دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ان کے کاروباری اور تجارتی مفادات کا بھی یکساں بنیادوں پر تحفظ کیا جائے گا۔
امت شاہ نے مزید کہا تھا کہ اگرچہ ان اقلیتی برادریوں کے پاسپورٹ اور ویزا کی مدت ختم ہو چکی ہو، تب بھی انہیں غیر قانونی قرار نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے اسلامی ممالک میں اقلیتوں کی آبادی گزشتہ برسوں میں نمایاں طور پر کم ہوئی ہے، کیونکہ یا تو انہیں قتل کر دیا گیا یا مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ ہندوستان پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی بنیادوں پر تقسیمِ ہند اور اس کے بعد 1950 کے نہرو-لیاقت معاہدے کا پاکستان اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ میں ناکام رہنا ہی اس قانون کو لانے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔