ایٹا نگر/ آواز دی وائس
اروناچل پردیش کے ہیولیانگ–چگلاگم روڈ پر ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک ٹرک بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے میں 21 مزدوروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اب تک 13 مزدوروں کی لاشیں ہی برآمد ہو سکیں ہیں۔ حادثہ 7 دسمبر کو پیش آیا، لیکن چونکہ یہ علاقہ انتہائی دور دراز ہے، اس لیے کئی دنوں تک حکام کو اس واقعے کی اطلاع ہی نہیں مل پائی۔
پولیس کو اس حادثے کی خبر بدھ کی رات ملی۔ اطلاع ملتے ہی جمعرات کی صبح سے پولیس نے موقعِ واردات پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ ٹرک تقریباً 1000 فٹ گہری کھائی میں گرا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق یہ ڈمپر ٹرک مزدوروں کو اروناچل پردیش میں ایک تعمیراتی مقام پر لے جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق جن مزدوروں کی اب تک شناخت ہو پائی ہے اُن میں شامل ہیں:
بدھیشور دیپ، راہل کمار، سمیر دیپ، جون کمار، پنکج مانکی، اجے مانکی، بجئے کمار، ابھی بھومج، روہت مانکی، بیریندر کمار، اگر تانتی، دھیرن چیٹیا، رَجنی ناگ، دیپ گووالا، رامچبک سونار، سوناتن ناگ، سنجے کمار، کرن کمار اور جوناس مُنڈا۔
شناخت کیے گئے یہ 19 مزدور تِنّسُکِیا کے گیلاپکھری ٹی اسٹیٹ کے رہنے والے تھے۔ ذرائع کے مطابق اب تک 13 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تِنّسُکِیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مَیَنک کمار نے اس کی تصدیق کی ہے کہ یہ مزدور تِنّسُکِیا ضلع کے رہنے والے تھے اور ایک ہاسٹل کی تعمیر کے سلسلے میں اروناچل پردیش گئے تھے۔
انجاؤ ایس پی انوراگ دیویڈی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن فون کال کا جواب نہیں ملا۔