میجر ابھیلاشا بارک کو 2025 کا یو این ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف ایئر ایوارڈ دیا جائے گا
نیو یارک
ہندوستانی فوج کی میجر ابھیلاشا بارک کو 2025 کے لیے اقوام متحدہ کا “ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر” ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے اس کا اعلان کیا۔میجر ابھیلاشا بارک کو خواتین اور نوعمر لڑکیوں تک رسائی، کمیونٹی سے رابطے کے پروگراموں، اور امن فوجیوں کے لیے صنفی حساسیت (جینڈر سینسٹائزیشن) کی تربیت میں ان کی خدمات کے باعث یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ میجر ابھیلاشا بارک کو 2025 کا اقوام متحدہ ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت ہندوستانی بٹالین کے ساتھ اقوام متحدہ کے امن مشن (یونیفل) میں فیمیل انگیجمنٹ ٹیم کی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔بیان کے مطابق میجر ابھیلاشا بارک ہندوستانی فوج کی پہلی خاتون جنگی ہیلی کاپٹر پائلٹ بھی ہیں۔ انہیں خواتین اور نوعمر لڑکیوں کے لیے کمیونٹی سطح پر آگاہی اور امن فوجیوں کے لیے صنفی تربیت کے شعبے میں نمایاں خدمات پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والی ہندوستان کی تیسری افسر ہیں۔ اس سے قبل 2019 میں میجر سومَن گاوانی اور 2024 میں میجر رادھیکا سین کو یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔بیروت میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے بھی اس موقع پر انہیں مبارکباد پیش کی۔سفارت خانے نے ایکس پر لکھا کہ وہ میجر ابھیلاشا بارک کو اقوام متحدہ کے 2025 کے باوقار جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ میجر بارک نے اقوام متحدہ کی ہندوستانی بٹالین میں فیمیل انگیجمنٹ ٹیم کی کمانڈر کے طور پر شاندار خدمات انجام دیں۔
یہ ایوارڈ 2016 سے ہر سال کسی ایسے فوجی امن دستے کو دیا جاتا ہے—خواہ مرد ہو یا خاتون—جس نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1325 کے اصولوں کو فروغ دینے میں غیر معمولی قیادت اور خدمات انجام دی ہوں۔یہ قرارداد اس بات پر زور دیتی ہے کہ امن قائم کرنے اور امن سازی کے تمام پہلوؤں میں صنفی نقطۂ نظر کو شامل کیا جائے اور امن و سیاسی عمل میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنازعات کے دوران جنسی تشدد کی روک تھام اور اس سے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اور اقوام متحدہ کی کارروائیوں میں خواتین کے کردار کو مزید وسعت دی جائے، خاص طور پر یونیفارم پہننے والی خواتین امن اہلکاروں کے ذریعے۔