مہاراشٹر: نکسل کمانڈر وینوگوپال راؤ نے 60 ساتھیوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ فڈنویس کی موجودگی میں ہتھیار ڈالے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2025
مہاراشٹر: نکسل کمانڈر  وینوگوپال راؤ نے 60 ساتھیوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ فڈنویس کی موجودگی میں ہتھیار ڈالے
مہاراشٹر: نکسل کمانڈر وینوگوپال راؤ نے 60 ساتھیوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ فڈنویس کی موجودگی میں ہتھیار ڈالے

 



گڑچیرولی (مہاراشٹر): ایک اہم پیش رفت کے طور پر نکسل کمانڈر مَلّوجُلا وینوگوپال راؤ عرف سونو، جو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤسٹ) کے سینئر رہنما اور پولِٹ بیورو کے رکن ہیں، نے اپنے 60 دیگر نکسل ساتھیوں کے ساتھ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی موجودگی میں گڑچیرولی پولیس ہیڈکوارٹر پر ہتھیار ڈال دیے۔

منگل کے روز راؤ نے 60 ماؤسٹ کارکنوں کے ہمراہ اپنے ہتھیار زمین پر رکھ دیے، جو مرکزی حکومت کے ساتھ امن کی سمت ایک ممکنہ پیش رفت کی علامت ہے۔ایک بیان میں راؤ نے کہا کہ وہ باضابطہ امن مذاکرات شروع کرنے سے قبل غور و خوض کے لیے ایک ماہ کی مہلت چاہتے ہیں اور اس دوران حکومت سے درخواست کی کہ وہ پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مسلح کارروائیاں معطل کرے۔

انہوں نے کہا’میں اپنے ہتھیار ڈال رہا ہوں اور اب ملک کے مظلوم طبقوں کے حق میں جدوجہد کرنے والی تحریکوں کا حصہ بنوں گا۔ مارچ 2025 کے آخری ہفتے سے ہماری پارٹی حکومت کے ساتھ امن بات چیت میں مصروف ہے۔ مئی میں پارٹی کے چیف سیکریٹری نے ایک پریس بیان جاری کیا تھا جس میں جنگ بندی کی پیش کش کے ساتھ ایک ماہ کی مہلت مانگی گئی تھی تاکہ ہتھیار ڈالنے پر غور کیا جا سکے۔ بدقسمتی سے مرکزی حکومت نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا بلکہ حملوں کی شدت بڑھا دی۔‘‘

راؤ نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے چیف سیکریٹری کی جانب سے امن کی اپیل کے بعد اب وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، ’’21 مئی کو سرحدی سلامتی فورس (سیما سرکشا بل) کے ایک حملے میں ہمارے چیف سیکریٹری کامریڈ باسوراجو اپنے عملے اور محافظوں سمیت مارے گئے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ ان کی امن بات چیت کی اپیل کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور پولیس کے جاری مشن کے دوران ہم نے ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم وزیر داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ہم اپنے فیصلے سے متفق ساتھیوں پر مشتمل ایک وفد تشکیل دیں گے جو امن مذاکرات میں شریک ہوگا۔‘‘

راؤ نے مزید کہا، ’’ہم مرکز سے ایک ماہ کی مہلت چاہتے ہیں تاکہ مختلف ریاستوں میں موجود اپنے ساتھیوں اور جیلوں میں قید کامریڈز سے مشاورت کر سکیں۔ ہم ویڈیو کال کے ذریعے بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔ یہ سب کچھ اسی صورت میں ممکن ہے جب آپ ایک ماہ کے لیے جنگلات میں جاری خونریزی کو روک دیں۔ ہماری پارٹی، بائیں بازو کی تنظیمیں اور ہمدرد اپنے خیالات ہمیں بھیج سکتے ہیں اور ہم ان پر غور کریں گے۔‘‘

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب وزیر داخلہ امیت شاہ اور مختلف ریاستی حکومتوں کی قیادت میں ملک بھر میں ماؤسٹ مخالف کارروائیاں جاری ہیں۔گزشتہ ستمبر میں راؤ نے ہتھیار ڈالنے کے اپنے ارادے کا عندیہ دیا تھا جسے چھتیس گڑھ اور بھارت کے دیگر حصوں میں بڑی تعداد میں ماؤسٹ کارکنوں کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔