ممبئی : حال ہی میں منعقد ہونے والے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن بی ایم سی انتخابات میں 52.94 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی اطلاع ریاستی الیکشن کمشنر نے جمعہ کو دی بی ایم سی جو ملک کی سب سے امیر بلدیاتی کارپوریشن مانی جاتی ہے اس کے انتخابات جمعرات کو مکمل ہوئے جن کے دوران شیوسینا یو بی ٹی اور ایم این ایس اتحاد کی جانب سے الزامات لگائے گئے تاہم الیکشن کمیشن نے ان کی تردید کی
یہ انتخابات آٹھ برس کے وقفے کے بعد ہوئے ہیں جس سے ممبئی میں شہری سیاست کو نئی سمت ملنے جا رہی ہے اس سے پہلے بی ایم سی کے انتخابات 2017 میں ہوئے تھے جبکہ آخری منتخب میئر کشور ی پیڈنیکر کی مدت مارچ 2022 میں ختم ہو گئی تھی اب تقریباً چار سال بعد ممبئی کو نیا میئر ملنے والا ہے
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ووٹنگ وارڈ 114 میں ہوئی جہاں 65.53 فیصد ووٹ پڑے جبکہ سب سے کم ٹرن آؤٹ وارڈ 227 میں رہا جہاں صرف 20.88 فیصد ووٹنگ ہوئی انتخابی فہرست میں شامل کل 1 کروڑ 3 لاکھ 44 ہزار 315 ووٹروں میں سے 54 لاکھ 76 ہزار 43 افراد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن میں 29 لاکھ 23 ہزار 433 مرد 25 لاکھ 52 ہزار 359 خواتین اور 251 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں تاہم مرد ووٹروں کی تعداد خواتین سے تقریباً 6.9 لاکھ زیادہ رہی
فیصد کے لحاظ سے 52.2 فیصد مرد اور 52.8 فیصد خواتین ووٹروں نے ووٹنگ کی ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی اور شیو سینا اتحاد کو سبقت حاصل ہو سکتی ہے جبکہ ٹھاکرے برادران کا اتحاد دوسرے نمبر پر رہنے کا امکان ہے اور کانگریس اتحاد کی کارکردگی کمزور بتائی جا رہی ہے
ایکسس مائی انڈیا کے اندازوں کے مطابق بی جے پی شیو سینا اتحاد کو 131 سے 151 سیٹیں شیو سینا یو بی ٹی ایم این ایس این سی پی ایس پی اتحاد کو 58 سے 68 سیٹیں کانگریس اتحاد کو 12 سے 16 سیٹیں اور دیگر کو 6 سے 12 سیٹیں مل سکتی ہیں بی ایم سی میں کل 227 نشستیں ہیں اور سادہ اکثریت کے لیے 114 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے
ڈی وی ریسرچ کے مطابق بی جے پی شیو سینا اتحاد کو 107 سے 122 نشستیں ٹھاکرے اتحاد کو 68 سے 83 نشستیں کانگریس اتحاد کو 18 سے 25 نشستیں اور دیگر کو 8 سے 15 نشستیں ملنے کا امکان ہے ممبئی کے تمام 227 وارڈز میں ووٹنگ ہوئی جہاں تقریباً 1700 امیدوار میدان میں تھے
بی جے پی نے ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کے ساتھ اتحاد میں انتخابات لڑے جبکہ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے مراٹھی شناخت کے تحفظ کے نعرے پر اتحاد کیا ووٹوں کی گنتی آج صبح 10 بجے ممبئی کے 23 مراکز پر شروع ہو رہی ہے جس کے بعد بی ایم سی کی نئی قیادت کا فیصلہ ہو جائے گا