چنئی (تمل ناڈو)، 10 ستمبر (اے این آئی): مدراس ہائی کورٹ نے ایک عوامی مفاد کی عرضی (پی آئی ایل) کو خارج کر دیا جس میں 2024 کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کے الزامات پر الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی گئی تھی۔منگل کو عدالت نے قرار دیا کہ یہ عرضی ’’مکمل طور پر غلط بنیاد پر قائم‘‘ ہے، جس میں ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور یہ صرف سیاسی دعوؤں اور جوابی دعوؤں پر مبنی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست مبہم ہے، اس میں ضروری تفصیلات نہیں ہیں اور یہ الیکشن کمیشن کو وضاحت دینے پر مجبور کرنے کی بنیاد نہیں ہو سکتی۔
عرضی کو خارج کرتے ہوئے عدالت نے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، جو تمل ناڈو اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کو ادا کرنا ہوگا۔ تاہم عدالت نے وضاحت کی کہ اس نے الزامات کے میرٹ پر کوئی رائے ظاہر نہیں کی ہے اور الیکشن کمیشن اس معاملے میں اپنے فیصلے لینے کے لیے آزاد ہے۔یہ الزامات اس سے قبل اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن میں اٹھائے تھے۔7 اگست کو راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ 2024 کی لوک سبھا انتخابات کو ’’بی جے پی کے فائدے کے لیے الیکشن کمیشن نے منظم‘‘ کیا، جو ان کے مطابق ’’اینٹی اِنکمبنسی سے محفوظ‘‘ نظر آ رہی تھی۔
راہل گاندھی نے کانگریس کی طرف سے کرناٹک کی مہادیوپورہ اسمبلی میں ووٹنگ پر کی گئی تحقیق پیش کرتے ہوئے مبینہ طور پر ’’ووٹ چوری‘‘ کے 1,00,250 ووٹوں کا الزام عائد کیا تھا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ان الزامات کو ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر قانونی عمل اختیار کرنے کے بجائے معاملے کو ’’سنسنی خیز‘‘ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ راہل گاندھی نے ایک ’’پرانا‘‘ بیانیہ دہرا دیا ہے۔ کمیشن نے یہ بھی کہا تھا کہ راہل گاندھی کو مہاراشٹر اور کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسرز کے بیانات پر دستخط کرنے چاہئیں یا پھر اپنے ’’بے تکی‘‘ الزامات پر معافی مانگنی چاہیے۔دوسری جانب، کانگریس ایم پی اپنی پوزیشن پر قائم ہیں۔ بدھ کو اپنے حلقہ انتخاب رائے بریلی کے دورے پر انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ کا نعرہ پورے ملک میں ثابت ہو رہا ہے اور کانگریس پارٹی اسے بار بار اور زیادہ ڈرامائی انداز میں ثابت کرتی رہے گی۔راہل گاندھی نے کہا کہ اہم نعرہ ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ پورے ملک میں ثابت ہو رہا ہے۔ ہم اسے بار بار اور مزید ڈرامائی طریقوں سے ثابت کرتے رہیں گے۔