لکھنؤ/ آواز دی وائس
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے بدھ کے روز ہندوستانی فوج کی افسر کرنل صوفیہ قریشی کے حوالے سے مدھیہ پردیش حکومت کے ایک وزیر کی ’’توہین آمیز‘‘ تبصرے کو ’’انتہائی افسوسناک اور شرمناک‘‘ قرار دیا۔
مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب پاکستان کے خلاف ہندوستانی فوج کے ’آپریشن سیندور‘ کی کامیابی سے پورا ملک خوش ہے، تو ایسے وقت میں ’’پہلے سابقہ خارجہ سیکریٹری اور پھر ایک خاتون فوجی افسر کے خلاف نفرت انگیز، غیرمہذب اور غیرشائستہ تبصرے‘‘ جوش و جذبے کے اس ماحول کو واقعی خراب کرنے والے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) اور مرکزی حکومت کو مدھیہ پردیش کے ایک سینئر وزیر کی جانب سے مسلم خاتون فوجی ترجمان کے بارے میں دیے گئے توہین آمیز بیان کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے، تاکہ دشمنوں کے ناپاک ارادے ناکام ہوں اور ملک میں آپسی بھائی چارہ اور ہم آہنگی خراب نہ ہونے پائے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے مبینہ طور پر کرنل صوفیہ قریشی کو ’’دہشت گردوں کی بہن‘‘ کہا تھا۔ ان کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جب شدید تنقید شروع ہوئی، تو انہوں نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ اسے الگ تناظر میں نہ دیکھا جائے، کیونکہ ’’ہماری بہنوں‘‘ نے بڑی طاقت کے ساتھ فوج کے ساتھ مل کر پہلگام حملے کا بدلہ لیا ہے۔
کرنل صوفیہ قریشی ’آپریشن سیندور‘ مہم کے حوالے سے ہندوستان کا موقف میڈیا کے ذریعے ملک اور دنیا کے سامنے پیش کرنے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔