بھوپال: مدھیہ پردیش حکومت نے پیر کے روز مانسون اجلاس کے دوران ریاستی قانون ساز اسمبلی میں یکساں سول ضابطہ (یو سی سی) بل 2026 پیش کر دیا۔ریاستی وزیر گوتم ٹیٹوال نے ایوان میں بل پیش کیا۔ اس سے ایک روز قبل وزیر اعلیٰ موہن یادو کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اس مسودۂ قانون کو منظوری دی گئی تھی۔
اس بل کے ذریعے ریاست میں یکساں سول ضابطہ نافذ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس اقدام کے ساتھ مدھیہ پردیش ملک کی چوتھی ریاست بننے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں یکساں سول ضابطہ نافذ کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل اتراکھنڈ میں فروری 2024۔ گجرات میں مارچ 2026 اور آسام میں مئی 2026 میں یکساں سول ضابطہ بل پیش کیا جا چکا ہے اور منظور بھی ہو چکا ہے۔
اتوار کو کابینہ کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ کابینہ نے مکمل اتفاق رائے سے یکساں سول ضابطہ بل 2026 کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے کابینہ ساتھیوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کا مقصد معاشرے کے تمام شہریوں کو بغیر کسی امتیاز کے مساوی حقوق فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق رام ہوں یا رحیم۔ رویندر ہوں یا رابن۔ سب کو یکساں حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔
ریاستی وزیر پرتیما باگری نے امید ظاہر کی کہ مدھیہ پردیش کے عوام اس مجوزہ قانون کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سول ضابطہ مساوات اور سماجی ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔کابینہ کے ایک اور وزیر کنور وجے شاہ نے کہا کہ یہ قانون ملک میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن کی ان تنقیدوں کو مسترد کیا کہ اس سے قبائلی برادریوں کی روایات متاثر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی رسوم۔ ثقافت۔ روایات اور طرز زندگی میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی گئی ہے اور ناقدین کو پہلے بل کا مسودہ پڑھنا چاہیے۔
ریاستی وزیر کرشنا گور نے بھی اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یکساں سول ضابطہ ملک کی ضرورت ہے۔ریاستی کابینہ نے اتوار کو جگدیش پور میں منعقدہ اجلاس میں اس بل کی منظوری دی تھی جس کے بعد پیر کو اسے قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا۔