مدھیہ پردیش حکومت سرکاری بس سروس شروع کرے گی: وزیر اعلی موہن یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-06-2026
مدھیہ پردیش حکومت سرکاری بس سروس شروع کرے گی: وزیر اعلی موہن یادو
مدھیہ پردیش حکومت سرکاری بس سروس شروع کرے گی: وزیر اعلی موہن یادو

 



بھوپال
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو نے منگل کو کہا کہ ان کی حکومت مرحلہ وار طریقے سے ریاستی بس سروس شروع کرے گی اور آنے والے رَکشا بندھن تک خواتین ان بسوں میں سفر کر سکیں گی۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ریاستی ٹرانسپورٹ سروس غریبوں کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن کانگریس کے دور حکومت میں یہ سروس بند کر دی گئی تھی۔
موہن یادو نے کہا کہ اب ہماری حکومت نہ صرف تیزی سے بہتر اور جدید سڑکیں بنا رہی ہے بلکہ مرحلہ وار ‘مکھیا منتری سُگم ٹرانسپورٹ سروس’ شروع کرنے کی سمت میں بھی آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رکشا بندھن پر ہماری بہنیں ریاستی بسوں میں سفر کر سکیں گی۔
یہ تہوار اس سال 28 اگست کو منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب نجی گاڑیوں میں سفر کرنے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مدھیہ پردیش کے وسیع رقبے کے باعث شہروں کے درمیان فاصلے زیادہ ہیں اور لوگ سامان بردار گاڑیوں میں سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نئی ٹرانسپورٹ سروس ان مسائل کو ختم کرے گی اور ریاست کے اندرونی علاقوں کو جوڑے گی جبکہ پڑوسی ریاستوں سے بھی رابطہ فراہم کرے گی۔
موہن یادو نے پیر کو اس نئی سروس پر بات چیت کے لیے “مدھیہ پردیش پَیسنجر ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ” کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں نائب چیئرمین اور وزیر ٹرانسپورٹ اودے پرتاپ سنگھ سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔
بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر منیش سنگھ نے اجلاس میں بتایا کہ اس سروس کے تحت ریاست کو سات علاقوں اندور، اجین، بھوپال، جبل پور، ساگر، گوالیار اور ریوا—میں تقسیم کیا جائے گا۔
اندور زون میں پی ایم ای-بس سروس اور مکھیا منتری سُگم ٹرانسپورٹ سروس اسکیم کے تحت بسوں کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں سات شہروں اور ان کے علاقائی ہیڈکوارٹرز سے ضلع ہیڈکوارٹرز تک مجموعی طور پر 620 راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔