مدھیہ پردیش نکسل فری ہو گیا ہے: موہن یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
مدھیہ پردیش نکسل فری ہو گیا ہے: موہن یادو
مدھیہ پردیش نکسل فری ہو گیا ہے: موہن یادو

 



بھوپال/ آواز دی وایس
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست اب نکسلی تشدد سے مکمل طور پر آزاد ہو چکی ہے اور یہ مدھیہ پردیش کی تاریخ میں سنہرا باب کے طور پر درج کیا جائے گا۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب بالاغاٹ ضلع میں آخری دو نکسلی—دیپک اوئیکے اور روہت نے جمعرات کو وزیراعلیٰ کی آن لائن موجودگی میں ہتھیار ڈال دیے۔
وزیراعلیٰ یادو نے اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت اور مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی کو دیتے ہوئے کہا کہ ملک ان دونوں رہنماؤں کی نگرانی میں محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے مضبوط عزم اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی، جنہوں نے جنوری 2026 تک ملک سے نکسلی ازم کے خاتمے کا ہدف رکھا، کی بدولت مدھیہ پردیش مکمل طور پر نکسلی تشدد سے آزاد ہو گیا ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرأت مندانہ قربانیوں کے نتیجے میں 11 دسمبر کو بالاغاٹ میں ’لال سلام‘ کو آخری الوداع کہا گیا۔ یہ لمحہ ریاست کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر درج ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صرف 42 دنوں میں مجموعی طور پر 42 نکسلی—جن کے سروں پر 7.75 کروڑ روپے کا انعام تھا نے مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ (ایم ایم سی  زون) میں ہتھیار ڈالے۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکزی مسلح فورسز اور مدھیہ پردیش پولیس کے بہادر اہلکاروں کی مشترکہ کوششوں سے 11 دسمبر کو آخری دو نکسلیوں کے سرنڈر نے ریاست کو مکمل طور پر نکسلی فری بنا دیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق سال 2025 میں 10 نکسلی ہلاک ہوئے جبکہ 13 نے سرنڈر کیا، جو گزشتہ 21 برسوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ آج آخری دو نکسلیوں کے سرنڈر کے بعد ریاست میں فعال نکسلی تنظیمیں پوری طرح ختم ہو چکی ہیں۔
اسی دوران بالاغاٹ رینج کے آئی جی سنجے کمار سنگھ نے بتایا کہ ان دونوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد بالاغاٹ نکسلی فری ہو گیا ہے، جو اس علاقے کے لیے بہت اہم بات ہے۔ ہمارا آپریشن جاری رہے گا تاکہ یہ علاقہ آئندہ بھی نکسلی فری رہے۔ ان دونوں پر 43 لاکھ روپے انعام تھا دیپک پر 29 لاکھ اور روہت پر 14 لاکھ۔ اب مدھیہ پردیش نکسلی فری ریاست ہے۔
وزیراعلیٰ یادو نے نکسلی خاتمے کی مہم میں جان دینے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس مشن میں 38 پولیس افسران اور اہلکار شہید ہوئے، جنہیں انہوں نے یاد کیا اور خراج پیش کیا۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو نکسلی ہتھیار ڈالیں گے، انہیں ریاست کی سرنڈر پالیسی کے تحت بحالی کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ پرامن زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔ ریاستی حکومت ان کی سلامتی یقینی بنائے گی اور مرکزی دھارے میں واپسی کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ یادو نے مرکزی مسلح فورسز، پولیس فورس اور فیلڈ انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کی بدولت مدھیہ پردیش آج نکسلی فری ریاست بن چکا ہے۔