نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز نتیش کمار کو راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے کے موقع پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ نتیش کمار ملک کے سب سے تجربہ کار رہنماؤں میں سے ایک ہیں، جن کی اچھی حکمرانی کے لیے وابستگی اور بہار کی ترقی میں ان کی نمایاں خدمات کو ہر جگہ سراہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں دوبارہ پارلیمنٹ میں دیکھ کر خوشی ہوگی اور ایک تجربہ کار قانون ساز اور سابق مرکزی وزیر کے طور پر ان کا وسیع تجربہ ایوان کی وقار میں اضافہ کرے گا۔
نریندر مودی نے "ایکس" پر لکھا کہ نتیش کمار ملک کے سب سے تجربہ کار رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ اچھی حکمرانی کے لیے ان کی وابستگی کو ہر جگہ سراہا گیا ہے۔ بہار کی ترقی میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہیں دوبارہ پارلیمنٹ میں دیکھنا باعثِ خوشی ہوگا۔ وہ کئی برسوں تک رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ان کا طویل سیاسی تجربہ پارلیمنٹ کے وقار کو مزید بڑھائے گا۔ راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے پر انہیں دلی مبارکباد اور آئندہ مدت کے لیے نیک تمنائیں۔
نتیش کمار نے آج راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا۔ اتحاد کی سیاست کو سنبھالنے میں ان کی مہارت بہار میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے اقتدار میں رہنے کے لیے اہم رہی ہے۔
راجیہ سبھا میں ان کی شمولیت ان کی اس دیرینہ خواہش کی تکمیل ہے کہ وہ ہندوستان کے ہر قانون ساز ایوان (بہار اسمبلی، بہار کونسل، لوک سبھا اور اب راجیہ سبھا) کا حصہ بنیں۔انہوں نے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد بہار قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے ایم ایل سی سنجے گاندھی نے ان کا استعفیٰ کونسل کے چیئرمین اودھیش نرائن سنگھ کو پیش کیا۔
اس تبدیلی کے بعد بہار حکومت کی باگ ڈور مؤثر طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھ میں آ گئی ہے، جو آنے والے انتخابات سے قبل ریاست کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔دریں اثنا، بہار بی جے پی کے رہنماؤں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی آج دہلی میں ہو رہی ہے، جس میں ریاستی قیادت کے نئے روڈ میپ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
نتیش کمار 16 مارچ کو بہار سے این ڈی اے کے دیگر چار امیدواروں کے ساتھ راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد وہ بلا مقابلہ جے ڈی (یو) کے صدر بھی منتخب ہو گئے کیونکہ اس عہدے کے لیے کسی اور نے نامزدگی داخل نہیں کی۔نتیش کمار بہار کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ انہوں نے 1985 میں ایم ایل اے کے طور پر اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور بعد میں اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں مرکزی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ 2005 میں پہلی بار بہار کے وزیر اعلیٰ بنے اور آج ملک کے سینئر اور تجربہ کار سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔