نئی دہلی/ آواز دی وائس
گوا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 25 افراد کی ہلاکت کے بعد ہندوستان سے فرار ہونے والے اس کے مالکان سوربھ لوتھرا اور گورَو لوتھرا کو تھائی لینڈ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ حکام نے جمعرات کو بتایا کہ نائٹ کلب کے شریک مالکان کو حکومتِ ہند کے درخواست پر حراست میں لیا گیا۔
اس دوران گرفتاری کے بعد لوتھرا برادران نے اپنا پہلا بیان بھی جاری کیا ہے۔
لوتھرا بھائیوں کی گرفتاری کے بعد اُن کی لیگل ٹیم کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ قانون کا احترام کرنے والے شہری ہیں اور کبھی بھی قانونی عمل سے بچنے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ انہیں غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ تنویر احمد میر سمیت لوتھرا برادران کی قانونی ٹیم نے انہیں ملک واپس آنے اور عدالتی نظام کے سامنے خودسپردگی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
انسٹاگرام پر جاری بیان
یہ بیان گزشتہ رات تیار کیا گیا تھا اور انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا تھا۔ دونوں بھائی 10 دسمبر کو دہلی کی روہنی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست کے لیے حاضر ہوئے تھے، جہاں سینئر ایڈووکیٹ سدھارتھ لوتھرا نے ان کی جانب سے دلائل دیے۔ لوتھرا نے کہا کہ تھائی لینڈ میں ان کی حراست کے باوجود عدالت میں دائر ان کی عرضی ابھی بھی تکنیکی طور پر برقرار ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آگ لگنے کے وقت نائٹ کلب میں ایک باہر سے آیا ہوا آرٹسٹ پرفارم کر رہا تھا۔
ہمیں عدالتی نظام پر مکمل بھروسہ ہے:لوتھرا برادران
بیان میں کہا گیا کہ ہم، گورَو لوتھرا اور سوربھ لوتھرا، 11.12.2025 کو ہندوستان پہنچیں گے اور اپنے ملک کی پولیس اور عدلیہ کے سامنے خود کو پیش کریں گے۔ ہم پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کرتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ ہم اپنے عظیم ملک کے قانون کا احترام کرنے والے شہری ہیں اور ہمیں عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے۔ جیسا کہ غلط طریقے سے بتایا گیا ہے، ہمارا کبھی بھی قانون کے عمل سے بچنے کا ارادہ نہیں تھا۔ بیان میں یہ بھی شامل ہے کہ ملک واپس آنے کا ہمارا فیصلہ اُن قانونی اقدامات سے متاثر نہیں ہے جن سے ہم پہلے فائدہ اٹھا چکے ہیں یا آئندہ اٹھائیں گے۔
لوتھرا بھائیوں کے خلاف انٹرپول کا بلو کارنر نوٹس
لوتھرا برادران کے خلاف انٹرپول کا بلو کارنر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ سینئر حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو پھوکےٹ (تھائی لینڈ) میں حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں ہندوستان لانے کی کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق، دونوں بھائیوں نے 6 دسمبر کی رات 1 بج کر 17 منٹ پر ایک ٹریول پورٹل کے ذریعے پھوکےٹ کے لیے اپنی ٹکٹیں بُک کیں۔ انہوں نے شمالی گوا کے اَروپورا میں واقع اپنے نائٹ کلب ‘برچ بائی رومیو لین’ میں لگی بھیانک آگ کی خبر ملنے کے ایک گھنٹے کے اندر ٹکٹیں بُک کر لی تھیں۔
جس وقت پولیس اور انتظامیہ آگ بجھانے اور ملازمین کو بچانے کی کوششوں میں مصروف تھی،اسی دوران یہ دونوں بھائی اتوار علی الصبح انڈیگو کی ایک پرواز سے ہندوستان سے روانہ ہو گئے۔ گوا پولیس نے ان کے خلاف بلو کارنر نوٹس جاری کروانے کے لیے سی بی آئی سے رابطہ کیا تھا۔