یوپی: بلند شہرمیں ہٹائے گئے192 لاؤڈ اسپیکر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-04-2022
یوپی: بلند شہرمیں ہٹائے گئے192 لاؤڈ اسپیکر
یوپی: بلند شہرمیں ہٹائے گئے192 لاؤڈ اسپیکر

 

 

 آواز دی وائس، لکھنٔو

ملک میں لاؤڈ اسپیکر پر ہونے والے ہنگامے کے درمیان ریاست اتر پردیش میں اس سے متعلق مہم زور پکڑ گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں مذہبی مقامات سے لاوڈ اسپیکر کو ہٹانے کی مہم زور پکڑ گئی ہے۔

بلند شہر ضلع میں بھی پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے کی کارروائی تیز کردی ہے۔

بلند شہر پولس نے انتظامیہ اور آلودگی کنٹرول بورڈ کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ اس مشترکہ مہم میں 30 اپریل کو192 مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے۔ بلند شہر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سنتوش کمار سنگھ سے موصولہ اطلاع کے مطابق مندر اور مسجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے ہیں

 اس تعلق سے بلند شہر کے ایس ایس پی نے بتایا کہ جن 192 مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے گئے ہیں، ان میں 99 مندر اور 93 مساجد شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل 383 مذہبی مقامات پر نصب لاؤڈ سپیکر کی آواز کو کم کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق جن 383 مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کم کیے گئے ہیں ان میں 184 مندر اور 199 مساجد شامل ہیں۔ لاؤڈ اسپیکر پر چلائی جارہی مہم کے تحت اب تک کل 939 لاؤڈ اسپیکر ہٹائے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اب تک ضلع میں 987 مذہبی مقامات پر نصب لاؤڈ سپیکر کی آواز کی شدت کو کم کیا گیا ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اتر پردیش میں لاؤڈ اسپیکر کی آواز کی شدت کو لے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے۔