بھوپیش بگھیل نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-10-2025
بھوپیش بگھیل نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی
بھوپیش بگھیل نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی

 



رائے پور/ آواز دی وائس 
سینئر کانگریس لیڈر بھوپیش بگھیل نے جمعرات کو ہندوستان کے الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس آئینی ادارے نے اپنی ’’ساکھ کھو دی ہے۔ چھتیس گڑھ میں خصوصی جامع نظرثانی کرائے جانے کی خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے بگھیل نے کہا کہ کمیشن کو چاہیے تھا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن مرکز کے ایک محکمے کی طرح کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے الیکشن کمیشن کی ملک گیر ایس آئی آر تیاریوں کی کانفرنس جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ انہیں چاہیے تھا کہ ایس آئی آر کی تیاریوں کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو میٹنگ میں بلاتے۔ یہ کام جمہوریت کے لیے ہے، ہے نا؟ الیکشن کمیشن تو مرکزی حکومت کے ماتحت ایک محکمہ بن کر رہ گیا ہے۔
بگھیل نے چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائے کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ "2026 تک نکسل ازم ختم ہو جائے گا"۔ بگھیل نے کہا کہ ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران اس قسم کے دعوے سابق وزیراعلیٰ رمن سنگھ کے دور سے کرتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب بی جے پی لیڈر رمن سنگھ وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ چھ ماہ میں نکسل ازم ختم کر دیں گے۔ تب سے آج تک یہی دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ میں چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائے سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کون سی پالیسیاں اپنائی ہیں؟ چھتیس گڑھ کے نکسلائیٹ تلنگانہ، مہاراشٹر یا آندھرا پردیش میں آ کر سرنڈر کر دیتے ہیں، لیکن یہاں کیوں نہیں کرتے؟ اگر آپ کی پالیسیاں اتنی اچھی ہیں تو وہ دوسرے صوبوں میں کیوں سرنڈر ہوتے ہیں؟
ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے جب الیکشن کمیشن نے کل سے دو روزہ چیف الیکٹورل آفیسرز (سی ای او) کی کانفرنس کا آغاز نئی دہلی میں واقع انڈیا انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل مینجمنٹ  میں کیا۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس کانفرنس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کی، جبکہ الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی بھی موجود تھے۔ کمیشن نے تمام ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کے سی ای او دفاتر کی ملک گیر خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) مشق کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
یہ کانفرنس 10 ستمبر کو منعقدہ ایس آئی آر تیاریوں کی کانفرنس کے تسلسل میں ہو رہی ہے، جس میں تمام ریاستوں/یونین ٹیریٹریز نے اپنے ہاں ووٹرز کی تعداد، گزشتہ ایس آئی آر کی اہلیت کی تاریخ اور الیکٹورل رول کی تفصیلات پیش کی تھیں۔ بیان کے مطابق کمیشن نے سی ای اوs کو پہلے دی گئی ہدایات کے تحت موجودہ ووٹرز کی فہرست کو گزشتہ ایس آئی آر کی ووٹر فہرست سے میپ کرنے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔