لوک سبھا: ایل پی جی معاملے پر اپوزیشن کا ہنگامہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-03-2026
لوک سبھا: ایل پی جی معاملے پر اپوزیشن کا ہنگامہ
لوک سبھا: ایل پی جی معاملے پر اپوزیشن کا ہنگامہ

 



نئی دہلی
لوک سبھا میں جمعہ کے روز کانگریس کے اراکین نے ملک میں ایل پی جی گیس کی مبینہ کمی کے مسئلے پر ہنگامہ کیا، جس کے باعث ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے تقریباً تین منٹ بعد ہی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوالیہ وقفہ (پرشن کال) شروع کرایا۔ اسی دوران کانگریس کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ملک میں ایل پی جی گیس کی مبینہ کمی کا مسئلہ اٹھانے لگے۔
اس دوران کانگریس رہنما کے سی وینوگوپال کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ اس معاملے پر کام روکنے کی تجویز (ورک سسپنشن موشن) کا نوٹس دیا گیا ہے۔اوم برلا نے کہا کہ سوالیہ وقفہ ایوان کا سب سے اہم وقت ہوتا ہے اور آج بھی اپوزیشن کے آٹھ اراکینِ پارلیمنٹ کے سوالات فہرست میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوالیہ وقفہ وہ موقع ہوتا ہے جب ملک کے مسائل اور مختلف علاقوں کی مشکلات ایوان میں اٹھائی جاتی ہیں اور اسی کے ساتھ حکومت کی جواب دہی بھی طے ہوتی ہے۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے ہنگامہ کر رہے اپوزیشن اراکین سے سوالیہ وقفہ چلنے دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا كہ آپ کہتے ہیں کہ آپ کو بولنے کا موقع نہیں ملتا۔ جب آپ کو بات رکھنے کا وقت اور موقع دیا جاتا ہے تو آپ بولنا نہیں چاہتے بلکہ ایوان میں تعطل پیدا کرنا چاہتے ہیں، جو پارلیمانی روایات کے مطابق نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوالیہ وقفہ ختم ہونے کے بعد اگر اراکین کوئی مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں تو وہ اٹھا سکتے ہیں۔
اوم برلا نے یہ بھی کہا كہ میں ایک اور گزارش کر رہا ہوں کہ چاہے پارلیمنٹ کے اندر ہو یا پارلیمنٹ کے احاطے کے باہر، اس کی پاکیزگی، وقار اور عزت برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ جس طرح کا رویہ اور طرزِ عمل آپ اختیار کر رہے ہیں، اس سے ایوان کی وقعت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
جب اپوزیشن کے اراکین نے اپنے آٹھ ساتھیوں کی معطلی کا مسئلہ اٹھایا تو اسپیکر نے کہا كہ اگر آپ ایوان کی میزوں پر چڑھیں گے تو یہی کارروائی ہوگی، یہ بالکل واضح ہے۔ہنگامہ جاری رہنے پر انہوں نے تقریباً تین منٹ بعد ہی ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔