لوک سبھا کی کارروائی منگل تک ملتوی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-02-2026
لوک سبھا کی کارروائی منگل تک ملتوی
لوک سبھا کی کارروائی منگل تک ملتوی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
لوک سبھا کی کارروائی پیر کے روز صبح 11 بجے شروع ہونے کے بعد دو بار ملتوی کی گئی۔ دوپہر 2 بجے دوبارہ اجلاس شروع ہونے کے بعد بھی اپوزیشن اراکین کی جانب سے ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی فریم ورک پر بحث کے مطالبے پر ہنگامہ جاری رہا، جس کے باعث ایوانِ زیریں کی کارروائی 10 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انہیں ذاتی طور پر یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بجٹ پر بحث شروع ہونے سے پہلے انہیں ایوان میں کچھ نکات اٹھانے کی اجازت دی جائے گی، لیکن لوک سبھا کی کرسی اس وعدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔
راہل گاندھی نے کارروائی کی صدارت کر رہیں رکنِ پارلیمنٹ سندھیا رائے سے کہا كہ اسپیکر نے ذاتی طور پر ہم سے وعدہ کیا تھا کہ بجٹ پر بحث سے پہلے مجھے یہاں بولنے کی اجازت دی جائے گی۔ اب آپ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ مجھے وہ نکات اٹھانے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔
تاہم، وزیرِ پارلیمانی امور کرن رجیجو نے راہل گاندھی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اوم برلا اور کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں ایسی کوئی یقین دہانی نہیں دی گئی تھی، جس میں وہ خود بھی موجود تھے۔
رجیجو نے ایوان میں کہا كہ اسپیکر صاحب نے ایوان میں بھی یہ بات کہی تھی، وینوگوپال جی وہاں موجود تھے اور میں بھی شامل تھا۔ اسپیکر نے کہا تھا کہ اگر سب متفق ہوں تو ایوان چلنا چاہیے۔ وینوگوپال جی کی جانب سے بھی کہا گیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر بولیں۔ ہم نے پوچھا کہ آپ کون سا مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اگر اسپیکر پر کوئی الزام لگایا جاتا ہے تو اسپیکر کی جانب سے اس کا جواب بھی آئے گا۔ راہل گاندھی نے جو کہا وہ سو فیصد غلط ہے، اسپیکر نے ایسا کچھ نہیں کہا۔
ایوان کی صدارت کر رہیں سندھیا رائے نے کہا کہ انہیں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے اور طے شدہ طریقۂ کار کے بغیر کسی معاملے پر بحث نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا كہ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا، مجھے معلوم نہیں کہ آپ کون سا مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ بجٹ پر بحث کرنا چاہتے ہیں تو براہِ کرم بجٹ پر بولیں۔ انہوں نے مزید کہا كہ بغیر نوٹس کے کوئی بھی معاملہ ایوان میں نہیں آ سکتا۔ کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو بولنے کا موقع دینا پارلیمنٹ کی ایک روایت ہے۔
انہوں نے کہا كہ یہ پارلیمنٹ کی روایت ہے، جیسے آپ تیار تھیں کہ ۔۔۔۔ تاہم اسی دوران کرن رجیجو نے انہیں بولنے سے روک دیا۔
رجیجو کے ان تبصروں کے بعد کئی اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی شروع کر دی اور وزیرِ پارلیمانی امور کے بیان پر اعتراض کیا۔ اس سے قبل آج، ہندوستانی نیشنل کانگریس کی خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھ کر الزام لگایا کہ حکمران جماعت نے ان پر دباؤ ڈال کر خواتین اراکین کے خلاف “جھوٹے، بے بنیاد اور ہتک آمیز” الزامات لگوائے۔
اسپیکر برلا نے جمعرات کو کہا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایوان میں نہ آنے کا مشورہ دیا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، کیونکہ انہیں اطلاعات ملی تھیں کہ کانگریس کے کچھ اراکین وزیر اعظم کی نشست کے قریب جا سکتے ہیں اور کسی غیر معمولی واقعے کا سہارا لے سکتے ہیں۔
خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے کہا کہ ایوان میں ان کا احتجاج پُرامن تھا اور پارلیمانی اصولوں کے مطابق تھا، اس کے باوجود انہیں غیر معمولی طور پر نشانہ بنایا گیا۔ اراکین نے مزید دعویٰ کیا کہ جب وہ بی جے پی کے ایک رکنِ پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے لیے اسپیکر سے ملیں تو انہوں نے ایک “سنگین غلطی” کو تسلیم کیا، لیکن بعد میں یہ کہا کہ وہ حکومت کے جواب کے منتظر ہیں، جس سے یہ تاثر ملا کہ وہ اب ایسے معاملات میں آزادانہ طور پر کام نہیں کر رہے۔
ان کے مطابق، اگلے ہی دن اسپیکر نے، مبینہ طور پر حکمران جماعت کے دباؤ میں وزیر اعظم کی غیر حاضری کا جواز پیش کرنے کے لیے، ان کے خلاف “سنگین الزامات” پر مبنی بیان جاری کیا۔ جمہوری اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کانگریس کی خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے کہا کہ ان کی جماعت محبت، امن، آئینی اقدار اور انسانی وقار پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دھمکیوں کے ذریعے خاموش نہیں کرائی جا سکتیں اور اس بات پر زور دیا کہ شفافیت ہی اسپیکر کے عہدے کے وقار کی بحالی اور لوک سبھا کی ساکھ برقرار رکھنے کا واحد راستہ ہے۔