واشنگٹن
مشہور فٹبالر لیونل میسی نے گزشتہ سال میجر لیگ ساکر کپ جیتنے پر اپنی ٹیم انٹر میامی کو اعزاز ملنے کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں منعقد ایک تقریب کے دوران امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواہرات سے جڑی گلابی فٹبال تحفے میں دی۔
انٹر میامی نے دسمبر میں وینکوور وائٹ کیپس کو شکست دے کر میجر لیگ ساکر کا خطاب جیتا تھا۔ ارجنٹینا کے سپر اسٹار میسی کو لگاتار دوسرے سیزن میں سب سے قیمتی کھلاڑی یعنی ایم وی پی منتخب کیا گیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا كہ (میسی) آپ ٹیم سے جڑے اور آپ کی ٹیم نے جیت حاصل کی۔ آپ کے لیے اچھا مظاہرہ کرنا آسان نہیں تھا۔ سچ کہوں تو آپ پر جتنا دباؤ تھا اتنا شاید کسی کو معلوم بھی نہیں ہوگا، کیونکہ سب کو امید تھی کہ آپ ٹیم کو جیت دلائیں گے اور آپ نے ایسا کر دکھایا۔میسی ٹرمپ کے ساتھ تقریب میں داخل ہوئے۔ سال 2023 میں میامی سے جڑنے والے میسی نے پروگرام کے دوران کوئی تقریر نہیں کی۔
ٹرمپ نے میسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا كہ آپ دنیا میں کہیں بھی جا سکتے تھے۔ آپ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو منتخب کر سکتے تھے، لیکن آپ نے میامی کو چنا۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے ہم سب کو اس سفر کا حصہ بنایا۔ آپ بے حد باصلاحیت اور ایک شاندار انسان ہیں۔