’پھول والوں کی سیر‘ بحال؛ ڈی ڈی اے نے دہلی کے تاریخی میلے کی اجازت دے دی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2025
 ’پھول والوں کی سیر‘ بحال؛ ڈی ڈی اے نے دہلی کے تاریخی میلے کی اجازت دے دی
’پھول والوں کی سیر‘ بحال؛ ڈی ڈی اے نے دہلی کے تاریخی میلے کی اجازت دے دی

 



 نئی دہلی،: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی مداخلت کے بعد، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے انجمن سیرِ گل فروشاں کو تاریخی تہوار ’پھول والوں کی سیر‘ اپنی روایتی جگہ پر منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس بات کا اعلان ایل جی ہاؤس کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق، یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب اطلاعات ملی تھیں کہ اس سال ڈی ڈی اے کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث تہوار منعقد نہیں ہو رہا۔ اس پر ایل جی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ 28 نومبر 2023 کو اُس وقت کی عام آدمی پارٹی حکومت کے تحت محکمہ جنگلات و ماحولیات نے اس علاقے میں اس نوعیت کے میلوں کے انعقاد پر پابندی عائد کی تھی، جس کے باعث اجازت میں تاخیر ہوئی۔

ریپورٹ کے مطابق، ڈی ڈی اے 2023 تک باقاعدگی سے ’پھول والوں کی سیر‘ کے انعقاد کی اجازت دیتا رہا ہے اور 2024 میں بھی اس تہوار کو سہولت فراہم کی گئی تھی۔ تاہم، اس بار منتظمین نے تحریری اجازت نامے پر اصرار کیا، جو آخرکار ایل جی کی مداخلت کے بعد جاری کیا گیا۔

لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ، جو گزشتہ تین برسوں سے خود اس قدیم تہوار میں شریک ہو کر حضرت خواجہ بختیار کاکیؒ کے مزار اور ماتا یوگ مایا مندر حاضری دیتے ہیں، نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی کہ دہلی کی صدیوں پرانی تہذیبی روایت کو بغیر اجازت کے روکا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ڈی ڈی اے نے معاملے کا ازسرِنو جائزہ لیا اور اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ ’پھول والوں کی سیر‘ دہلی کے ثقافتی ورثے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت ہے، تہوار کے انعقاد کی مشروط اجازت دی — اس شرط کے ساتھ کہ ماحولیات کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ اس فیصلے کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ساتھ ہی، ایل جی نے ہدایت دی ہے کہ اس معاملے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف عمل کرنے والے کسی بھی افسر کو معافی نہیں دی جائے گی۔

ڈی ڈی اے کی جانب سے اجازت نامہ ملنے کے بعد منتظمین نے بتایا کہ وہ ’پھول والوں کی سیر‘ کا انعقاد آئندہ سال فروری یا مارچ میں کریں گے۔