لداخ : کرفیو میں نرمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-10-2025
لداخ : کرفیو میں نرمی
لداخ : کرفیو میں نرمی

 



لیہہ/ آواز دی وائس 

لداخ کے شہر لیہہ میں جمعہ کے روز بڑی تعداد میں مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے کیونکہ حالیہ پُرتشدد جھڑپوں کے بعد عائد کرفیو پابندیوں میں انتظامیہ نے نرمی دی۔ سڑکوں پر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت میں اضافہ دیکھا گیا اور مقامی بازار کھلنے سے عوام کو بڑی راحت ملی۔

انتظامیہ کی جانب سے دکانوں اور تجارتی اداروں کو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی۔ ایک مقامی شہری نے بتایا کہ مارکیٹ ایک ہفتے سے بند تھی۔

یہ بے چینی لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت شمولیت کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج سے شروع ہوئی تھی۔ مظاہرے لیہہ میں پُرتشدد ہوگئے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

اس سے قبل لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) کویندر گپتا نے زور دیا تھا کہ مرکزی حکومت لداخ کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اعتماد ظاہر کیا تھا کہ یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ (لداخ کے رہنما جو احتجاج کا حصہ ہیں) انتظامیہ سے بات کر رہے ہیں اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہم بھی بات چیت کی میز پر آ سکتے ہیں۔ جب ایسا ماحول قائم ہوگا تو مذاکرات شروع ہوں گے۔ گپتا نے بتایا کہ انتظامیہ نے عوام کے مفادات کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی ہے... میں گزشتہ دو ماہ سے یہاں ہوں اور میں نے کوئی ملاقات مسترد نہیں کی۔ لوگ میری بات سنتے ہیں اور حل کی طرف بڑھتے ہیں...۔

ایل جی گپتا نے کہا کہ انتظامیہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور لوگوں کو دیگر شعبوں میں شامل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہم نے تقریباً 1,000 آسامیوں کا اشتہار دیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم لوگوں کو سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شامل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ یہاں 18,000 ایم ایس ایم ای یونٹس ہیں، جن میں 50,000 سے زائد لوگ شامل ہیں۔

اسی دوران بدھ کے روز ایل جی گپتا نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی تاکہ یونین ٹیریٹری میں موجودہ امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پون کوٹوال، ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس ڈی سنگھ جموال، ڈی آئی جی سرینگر ساؤتھ پی کے سنگھ، ڈپٹی کمشنر لیہہ، ایس ایس پی لیہہ سنجے کمار، سی او 79 راجت جین، سی او 25 اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

افسران نے لیفٹیننٹ گورنر کو تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور امن و استحکام کو قائم رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر کو ہونے والی پرتشدد کارروائی میں چار افراد جان سے گئے جب احتجاج کرنے والوں نے ایک سیاسی جماعت کے دفتر کو آگ لگا دی اور اس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں یہ جانی نقصان ہوا