نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما وی کے ملہوترا کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک "انتھک کارکن اور ادارہ ساز" قرار دیا جن کی زندگی "مسلسل محنت، عزم اور خدمت" کے لیے وقف رہی۔ ملہوترا، جو 30 ستمبر کو نئی دہلی میں 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، دہلی اسٹیٹ بی جے پی کے پہلے صدر تھے۔
وزیر اعظم مودی نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ چند دن قبل ہم نے اپنے سب سے سینئر رہنماؤں میں سے ایک شری وجے کمار ملہوترا جی کو کھو دیا۔ انہوں نے ایک طویل اور کامیاب زندگی گزاری، لیکن اس سے بڑھ کر انہوں نے انتھک محنت، عزم اور خدمت سے بھری زندگی گزاری۔ ان کی زندگی کی جھلک سب کو آر ایس ایس، جن سنگھ اور بی جے پی کے بنیادی اخلاقیات کو سمجھا دے گی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وی کے ملہوترا نے تقسیم کے دنوں کے بھیانک حالات دیکھے لیکن یہ صدمہ انہیں تلخ نہیں بنا سکا بلکہ انہوں نے خود کو دوسروں کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ مودی کے مطابق ایسے افراد ہی بے لوث خدمت کے علمبردار تھے جن کی گونج دہلی میں سنائی دیتی رہی۔ وی کے ملہوترا جی کا خاندان تقسیم کے بھیانک حالات سے گزرا۔ صدمے اور بے دخلی نے انہیں مایوس یا خود غرض نہیں بنایا بلکہ انہوں نے خود کو دوسروں کی خدمت میں جھونک دیا۔ انہیں آر ایس ایس اور جن سنگھ کی نظریات میں اپنی راہ ملی۔ وہ واقعی نہایت کٹھن دن تھے۔
ملہوترا نے ہزاروں بے گھر خاندانوں کو، جنہوں نے سب کچھ کھو دیا تھا، دوبارہ زندگی کی تعمیر میں مدد کی۔ یہی جن سنگھ کی رہنمائی کرنے والی روح تھی۔ ان دنوں ان کے ساتھی کارکنوں میں مدن لال کھرانہ جی اور کدار ناتھ ساہنی جی شامل تھے۔ ایسے بے شمار لوگ بے لوث خدمت کے محاذ پر تھے جنہوں نے دہلی کے عوام کو متاثر کیا۔
۔3 دسمبر 1931 کو لاہور، پنجاب، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہونے والے ملہوترا کا تعلق کاوی راج خزاں چند کے خاندان سے تھا۔ وہ ایک سیاستدان اور کھیلوں کے منتظم تھے۔ وہ 1972 تا 1975 دہلی پردیش جن سنگھ کے صدر اور بعد میں دو مرتبہ دہلی پردیش ہندوستنان جنتا پارٹی کے صدر (1977-80، 1980-84) رہے۔
کدار ناتھ ساہنی اور مدن لال کھرانہ جیسے رہنماؤں کے ساتھ، ملہوترا کو دہلی میں دہائیوں تک بی جے پی کو مضبوط رکھنے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 1960 کی دہائی کے آخر سے وی کے ملہوترا جی عوامی زندگی میں ایک مستقل شخصیت رہے۔ بہت کم رہنما ایسے ہیں جن کی اتنی طویل اور مسلسل عوامی مصروفیت ہو۔ وہ ایک انتھک کارکن، شاندار منتظم اور ادارہ ساز تھے۔ ان میں انتخابی سیاست اور تنظیمی سیاست کی دنیا کو یکساں مہارت سے سنبھالنے کی صلاحیت تھی، جس نے دہلی یونٹ کو مستحکم قیادت فراہم کی۔
ان کی سب سے نمایاں سیاسی کامیابی 1999 کے لوک سبھا انتخابات میں آئی، جب انہوں نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بڑے مارجن سے شکست دی۔ مودی نے کہا کہ ملہوترا جی نے کبھی سطحی یا منفی مہم نہیں چلائی۔ انہوں نے مثبت انتخابی مہم چلائی اور مخالفین کے نازیبا حملوں کو نظرانداز کیا، اور 50 فیصد سے زیادہ ووٹ لے کر جیت حاصل کی۔ یہ جیت ان کے عوام سے قریبی تعلق اور کارکنوں کے ساتھ مضبوط رشتے کا نتیجہ تھی۔
وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں ان کی "خوب تحقیق شدہ اور بہترین انداز میں پیش کی گئی تقاریر" کو بھی یاد کیا اور کہا کہ یو پی اے-1 کے دوران ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن کے طور پر ان کی مدت کار سیاست اور پارلیمانی جمہوریت کے طلبہ کے لیے قیمتی اسباق رکھتی ہے۔
مودی نے کہا کہ انہوں نے بدعنوانی اور دہشت گردی کے معاملے پر ناکام یو پی اے حکومت کی مؤثر مخالفت کی۔ ان دنوں میں گجرات کا وزیر اعلیٰ تھا اور اکثر ملہوترا جی سے بات ہوتی تھی۔ وہ ہمیشہ گجرات کی ترقی کے بارے میں جاننے کے خواہاں رہتے تھے۔
ملہوترا نے اپنے کیریئر میں پانچ بار رکن پارلیمنٹ اور دو بار دہلی سے ایم ایل اے کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2004 کے عام انتخابات میں وہ دہلی سے واحد بی جے پی امیدوار تھے جو جیت سکے۔ مودی نے کہا کہ ملہوترا جی کی سب سے بڑی خصوصیت ان کا ادارہ ساز کردار تھا۔ وہ ان اہم رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے آر ایس ایس سے جڑی کئی تعلیمی، ثقافتی اور سماجی تنظیموں کو قائم اور پروان چڑھایا۔ ان اداروں نے بے شمار باصلاحیت افراد کو تیار کیا اور خدمت کے جذبے کو آگے بڑھایا، جو ایک خود کفیل اور اقدار پر مبنی سماج کے وژن کو آگے لے گیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے مطابق ملہوترا اپنی شاندار سیاسی زندگی میں ہمیشہ ایک بے داغ اور صاف شبیہ کے مالک رہے۔ وہ اردو ادب میں ڈاکٹریٹ کے حامل ایک ماہر تعلیم، سماجی کارکن اور کھیلوں کی تنظیموں کے منتظم بھی تھے، جن میں دہلی کے شطرنج اور تیر اندازی کے کلب شامل ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سیاست اور تعلیم سے ہٹ کر بھی ملہوترا نے کھیلوں کی دنیا میں ایک ناقابلِ فراموش نقوش چھوڑا۔تیر اندازی ان کا سب سے بڑا شوق تھا اور وہ کئی دہائیوں تک انڈین آرچری ایسوسی ایشن کے صدر رہے۔ ان کی قیادت میں ہندوستانی تیر اندازی کو عالمی شناخت ملی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مواقع اور پلیٹ فارمز دینے کے لیے انتھک محنت کی۔ کھیلوں کی تنظیم میں بھی ان کی وہی خصوصیات جھلکتی ہیں جو انہوں نے عوامی زندگی میں دکھائیں: لگن، تنظیمی صلاحیت اور بہترین کارکردگی کی جستجو۔
مودی نے کہا کہ ملہوترا جی کا اثر صرف ان عہدوں میں نہیں ہے جو انہوں نے سنبھالے بلکہ ان قدروں میں ہے جو انہوں نے آگے بڑھائیں... خدمت کو خود سے مقدم رکھنے کی، اقدار پر قائم رہنے کی اور حوصلے و استقامت کے ساتھ چیلنجز قبول کرنے کی۔ وہ ایک مثالی پارٹی رہنما تھے، جنہوں نے کبھی ایسی بات نہیں کہی جو ہمارے کارکنوں یا نظریے کو شرمندہ کرے۔