نئی دہلی
شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت نے ہفتے کے روز کہا کہ کانگریس کوئی ڈوبتا ہوا جہاز نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں کانگریس چھوڑ کر الگ سیاسی جماعتیں بنانے والے رہنماؤں کو دوبارہ متحد ہو کر پارٹی کو مضبوط بنانا چاہیے۔
راوت نے شرد پوار سے اس سمت میں پہل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ’’مسخ شدہ سیاست‘‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اپوزیشن قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ان کا یہ بیان دیویندر فڑنویس کے اس تبصرے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کانگریس کو ’’ڈوبتا ہوا جہاز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی سمجھدار شخص اس میں سوار نہیں ہوگا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ اگر ہم واقعی بی جے پی کی مسخ شدہ سیاست کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو سب کو ایک ہونا پڑے گا۔ کانگریس پارٹی کو مضبوط ہونا چاہیے۔ کانگریس چھوڑ کر جانے والے تمام رہنماؤں کو پہلے دوبارہ متحد ہونا ہوگا۔ اگر سینئر رہنما شرد پوار اس سلسلے میں پہل کریں تو یہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ہم ایک علاقائی جماعت ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے ترجمان نے مزید کہا کہ آج بھی وزیر اعظم نریندر مودی کانگریس سے خوفزدہ ہیں۔ کانگریس کبھی بھی ڈوبتا ہوا جہاز نہیں رہی۔شیوسینا (یو بی ٹی) کے اراکینِ پارلیمنٹ میں مبینہ ناراضی اور ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ سے متعلق سوال پر راوت نے کہا کہ ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ کی اصطلاح کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کئی بار استعمال کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو توڑنا جمہوریت کی بگاڑ کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ سے مراد مبینہ طور پر برسراقتدار شیوسینا کی وہ سیاسی حکمتِ عملی ہے جس کے تحت ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنماؤں کو اپنی طرف لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے کہا کہ موجودہ بی جے پی قیادت کے دور میں یہ سیاسی بگاڑ اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے، لیکن ایک دن اس کا خاتمہ بھی ہوگا۔ ان کے مطابق ریاست اور ملک دونوں سطحوں پر اس طرزِ سیاست کے خلاف بغاوت ابھرے گی۔
راوت نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کر رہا ہے۔