نئی دہلی
سپریم کورٹ نے منگل کے روز ماہرِ تعلیم روپ ریکھا ورما سمیت 12 درخواست گزاروں سے کہا کہ وہ سیاسی تقاریر سے متعلق رہنما اصولوں پر ایک نئی عرضی دائر کریں۔ عدالت نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ رہنماؤں کو ملک میں بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دینا چاہیے۔
تاہم، چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس جوئے مالیا باغچی پر مشتمل بنچ نے اُس مفادِ عامہ کی عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا، جس میں بھائی چارے اور آئینی اقدار کو مبینہ طور پر متاثر کرنے والی تقاریر اور رپورٹنگ کے سلسلے میں رہنماؤں اور میڈیا کے لیے رہنما اصول جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
یہ عرضی آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے پس منظر میں دائر کی گئی تھی، جس پر سینئر وکیل کپل سبل نے دلائل دیے۔چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے پیر کے روز بھی آسام کے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والی عرضیوں پر سماعت سے انکار کیا تھا۔ ان عرضیوں میں ایک وائرل ویڈیو کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ پر تنقید کی گئی تھی، جس میں وہ مبینہ طور پر مسلم برادری کے افراد کی طرف رائفل سے نشانہ لیتے اور گولی چلاتے نظر آئے تھے۔
منگل کو سماعت کے آغاز میں کپل سبل نے کہا کہ ماحول ’’زہریلا‘‘ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے بنچ سے درخواست کی کہ ایسے رہنما اصول طے کیے جائیں جن سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ جب سیاسی تقاریر سے بھائی چارہ متاثر ہو تو جوابدہی طے کی جا سکے۔تاہم، چیف جسٹس اس بات سے متفق نہیں تھے کہ عرضی میں کسی خاص سیاسی جماعت کے منتخب افراد کو نشانہ بنایا گیا ہو۔
چیف جسٹس نے کہا كہ یقیناً یہ اس وقت ایک فرد کے خلاف ہے۔ اسے واپس لیجیے۔ اس حوالے سے ایک سادہ عرضی دائر کیجیے کہ کن شرائط پر حفاظتی اقدامات مقرر ہیں اور سیاسی جماعتیں ان کی خلاف ورزی کیسے کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’چند منتخب افراد‘‘ کو نشانہ بنانے والی عرضی قابلِ قبول نہیں ہوگی اور ایسی کوئی بھی چیلنج معروضی اور غیر جانبدار ہونی چاہیے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا كہ ہم ایسی عرضی پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم کسی ایسے شخص کا انتظار کر رہے ہیں جو آ کر غیر جانبداری کے ساتھ ایسی عرضی دائر کرے۔جسٹس ناگرتنا نے کہا، ’’رہنماؤں کو ملک میں بھائی چارہ بڑھانا چاہیے۔‘‘ انہوں نے تمام فریقوں سے ضبط و تحمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جسٹس ناگرتنا نے سوال کیا كہ رض کریں ہم کچھ رہنما اصول طے کر دیں… تو ان پر عمل کون کرائے گا؟ انہوں نے کہا كہ گفتار کی ابتدا خیال سے ہوتی ہے۔ خیالات کو کیسے قابو میں رکھا جائے؟ ہمیں خیالات کو آئینی اقدار کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔یہ عرضی لکھنؤ یونیورسٹی کی سابق پروفیسر روپ ریکھا ورما اور سابق آئی اے ایس افسران و سماجی کارکنوں سمیت 11 دیگر افراد نے دائر کی تھی۔
کپل سبل نے کہا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کا ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) انتخابات کے دوران نافذ رہتا ہے، لیکن ایم سی سی کے نفاذ سے پہلے کی گئی تقاریر، اس کے نافذ ہونے کے بعد بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔ انہوں نے عوامی شخصیات کو متنبہ کرنے کے لیے عدالتی طور پر طے شدہ رہنما اصولوں کی درخواست کرتے ہوئے سوال اٹھایا كہ جب ایم سی سی نافذ ہو جاتا ہے تب بھی ڈیجیٹل دنیا میں یہ تقاریر دہرائی جاتی ہیں۔ ایسے معاملات میں میڈیا کی کیا ذمہ داری ہے تاکہ جمہوری ماحول آلودہ نہ ہو؟
تاہم، چیف جسٹس نے زور دیا کہ عوامی ملازمین پہلے ہی آل انڈیا سروس رولز سمیت مختلف سروس قواعد کے پابند ہیں۔ انہوں نے لاپرواہی سے تیار کی گئی عرضیوں سے خبردار کیا۔جسٹس باغچی نے کہا کہ عدالت صرف احکامات جاری کر سکتی ہے، جبکہ ان پر عمل درآمد ایک چیلنج بنا رہتا ہے۔ماضی کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی نفرت انگیز تقاریر اور اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق کئی اصول وضع کر چکی ہے۔
جسٹس باغچی نے کہا كہ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے۔ وہ پارٹی کے رکن ہیں، ایک رہنما ہیں۔