پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل کل جماعتی اجلاس۔ 40 سیاسی جماعتوں کے 58 رہنماؤں کی شرکت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2026
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل کل جماعتی اجلاس۔ 40 سیاسی جماعتوں کے 58 رہنماؤں کی شرکت
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل کل جماعتی اجلاس۔ 40 سیاسی جماعتوں کے 58 رہنماؤں کی شرکت

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس 2026 سے قبل اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں کل جماعتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی جبکہ اس کا اہتمام مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو نے کیا۔اجلاس میں راجیہ سبھا میں قائد ایوان اور مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف اور پارلیمانی امور ارجن رام میگھوال۔ اور مرکزی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور و اطلاعات و نشریات ایل مروگن بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزرا سمیت 40 سیاسی جماعتوں کے مجموعی طور پر 58 رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں راج ناتھ سنگھ نے تمام رہنماؤں کا خیر مقدم کیا۔ اس کے بعد کرن رجیجو نے مانسون اجلاس کے شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس پیر 20 جولائی سے شروع ہوگا اور حکومتی امور کی ضرورت کے مطابق 13 اگست بروز جمعرات تک جاری رہے گا۔ اس دوران 25 دنوں میں مجموعی طور پر 19 نشستیں ہوں گی۔

کرن رجیجو نے بتایا کہ آئندہ اجلاس کے لیے مجوزہ قانون سازی کی فہرست 16 جولائی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سیکریٹریٹ کی جانب سے بلیٹن حصہ دوم میں جاری کی جا چکی ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے پارلیمنٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دونوں ایوانوں کے قواعد و ضوابط کے مطابق اہم عوامی مسائل پر بحث کے لیے تیار ہے۔

اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مانسون اجلاس کے دوران اٹھائے جانے والے مختلف قومی اور عوامی مسائل پر اپنے خیالات پیش کیے اور حکومت کو پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔کرن رجیجو نے رہنماؤں کی جانب سے اٹھائے گئے تمام نکات کا نوٹس لیا اور اجلاس میں شرکت اور تعمیری تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے اختتام پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی فعال شرکت اور اظہار خیال کو پارلیمانی جمہوریت کے لیے اہم قرار دیا۔