چنئی: مکل نیدھی میئم (ایم این ایم) کے بانی، راجیہ سبھا رکن اور معروف اداکار کمل ہاسن نے جمعرات کو نیٹ (NEET) کے معاملے اور طلبہ کے جاری احتجاج پر بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کمل ہاسن نے کہا کہ جب ایک بچے نے پہلی بار آواز اٹھائی تھی، تب ہی اس کی بات سن لی جانی چاہیے تھی، مگر ایسا نہیں ہوا اور بہت دیر ہو چکی۔
انہوں نے کہا، ’’ایسا نظام، جہاں تعلیم کی جگہ کوچنگ، تجسس کی جگہ بے چینی اور میرٹ کی جگہ مجرمانہ سرگرمیاں لے لیں، وہ ایک بوسیدہ نظام ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ایک قوم اس وقت ناکام ہو جاتی ہے جب اس کے بچوں کو جواب دینے کے بجائے رکاوٹوں اور لاٹھیوں کا سامنا کرنا پڑے۔‘
‘ کمل ہاسن نے سماجی کارکن سونم وانگچک سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا، ’’وانگچک، آنے والے سفر میں ملک کو آپ کے ضمیر اور رہنمائی کی ضرورت ہوگی، براہِ کرم اپنا انشن ختم کر دیں۔‘‘ طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کمل ہاسن نے کہا، ’’آپ اس ملک کا بہترین سرمایہ ہیں۔ آپ نے اپنا فرض ادا کر دیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک بھی آپ کے لیے اپنا فرض ادا کرے۔ میری دعا ہے کہ آپ کے خواب ہمیشہ ہماری ناکامیوں سے بڑے رہیں۔‘‘