سپول / آواز دی وائس
جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے ہفتے کے روز قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں نہ فیکٹریاں ہیں اور نہ ہی روزگار کے مواقع۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر طنز کرتے ہوئے کہ ’’بہار میں زمین نہیں ہے‘‘، پرشانت کشور نے سوال اٹھایا کہ جب بڑی سڑکوں کے منصوبوں کے لیے زمین دستیاب ہے تو پھر صنعتیں لگانے اور بہار کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے زمین کیوں نہیں؟
انہوں نے کہا کہ پہلے جو مزدور باہر کام کرتے تھے وہ بھی این ڈی اے کو ووٹ دیتے تھے... لیکن اب نہیں دیتے۔ وہ چاہتے ہیں کہ بہار میں فیکٹریاں ہوں، روزگار ہوں... وزیرِ داخلہ امت شاہ کہہ رہے ہیں کہ بہار میں فیکٹریوں کے لیے زمین نہیں ہے... آپ لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ اگر فیکٹریوں کے لیے زمین نہیں ہے تو پھر پنجاب اور بنگال کو گجرات سے جوڑنے والی بڑی سڑکوں کے لیے زمین کہاں سے ملی؟ یعنی اگر سڑکیں بنانی ہوں، نیشنل ہائی وے بنانا ہو تو بہار میں زمین ہے، لیکن اگر بہار کے بچوں کے لیے فیکٹری لگانی ہو تو زمین نہیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ زیادہ ووٹنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہار کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، اور ’’جن سوراج‘‘ ایک نیا سیاسی متبادل بن کر ابھرا ہے۔ پرشانت کشور نے کہا کہ کسی نے بھی یہ اندازہ نہیں لگایا تھا کہ ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں بہار میں سب سے زیادہ ووٹنگ ہوگی۔ اتنی بڑی تعداد میں پولنگ یہ ظاہر کرتی ہے کہ تبدیلی ضرور آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم آر جے ڈی کا خوف دلا کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں بچا... لیکن اس بار حالات بدل گئے ہیں... اگر آپ کہہ رہے ہیں کہ جنگل راج واپس نہیں آنا چاہیے، تو پھر آپ کیوں؟ جن سوراج ایک نیا متبادل ہے۔
دوسری جانب، جمعرات کے روز آرا میں ایک ریلی کے دوران پرشانت کشور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے اس کے نظم و نسق، بدعنوانی اور معیشت کے ریکارڈ پر سوال کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ نتیش کمار کو کیوں ہٹانا ضروری ہے۔ کیا تھانوں میں پولیس والے پیسے نہیں لیتے؟ کیا بجلی کے بل زیادہ نہیں ہیں؟ مودی نے پچھلے پندرہ برسوں میں فیکٹریاں کہاں لگائیں ۔ بہار میں یا گجرات میں؟ ووٹ آپ بہار سے مانگتے ہیں، اور فیکٹریاں گجرات میں لگاتے ہیں؟ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جمعرات کو پُرامن طور پر مکمل ہوئی، جس میں 65.08 فیصد ووٹروں نے حصہ لیا — جو ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
ریاست کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) کے مطابق، 6 نومبر 2025 کو بہار کے 18 اضلاع کی 121 اسمبلی نشستوں پر پہلے مرحلے کا الیکشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ سی ای او نے بتایا کہ 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات میں اوسط ووٹنگ 57.29 فیصد تھی، جبکہ 2024 کے لوک سبھا عام انتخابات میں یہ شرح 56.28 فیصد رہی۔ اس طرح موجودہ انتخابات میں ووٹنگ کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سی ای او کے مطابق، 2020 کے مقابلے میں اس بار ووٹنگ میں 7.79 فیصد اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں 8.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے)، جس میں بی جے پی، جے ڈی(یو)، ایچ اے ایم ایس، ایل جے پی (آر وی) اور دیگر شامل ہیں، دوسری مدت کے لیے اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش میں ہے، جبکہ مہاگٹھ بندھن، جس میں کانگریس، آر جے ڈی، بائیں بازو کی جماعتیں اور وی آئی پی شامل ہیں، دوبارہ اقتدار میں واپسی کی جدوجہد کر رہا ہے۔ اسی دوران ’’جن سوراج‘‘ پارٹی نے بھی انتخابی میدان میں قدم رکھتے ہوئے 200 سے زائد نشستوں پر اپنے طور پر امیدوار اتارے ہیں۔
یہ انتخابات ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی کے بعد منعقد کیے گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس عمل پر سخت اعتراضات ظاہر کیے تھے۔ ایس آئی آر کا عمل ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیرِانتظام علاقوں میں بھی مکمل کیا جائے گا۔