لیمبورگینی حادثہ: شیوم مشرا کوضمانت مل گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
لیمبورگینی حادثہ: شیوم مشرا کوضمانت مل گئی
لیمبورگینی حادثہ: شیوم مشرا کوضمانت مل گئی

 



کانپور
مقامی تمباکو کے بڑے تاجر کے کے مشرا کے بیٹے شیوم مشرا کو جمعرات کے روز یہاں کی ایک عدالت سے ضمانت مل گئی۔ یہ ضمانت انہیں اسی دن گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ملی، جب انہیں اس ہفتے کے اوائل میں وی آئی پی روڈ پر پیش آنے والے ہائی پروفائل لیمبورگینی حادثے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔
گرفتاری کے بعد پولیس نے صبح تقریباً 10 بجے شیوم کو ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور 14 دن کی عدالتی تحویل کی درخواست کی۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کونسل (کرائم) دلیپ اوستھی نے بتایا کہ شیوم کو 20 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت دے کر رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے مزید تفتیش کے لیے تحویل مانگی تھی، تاہم عدالت نے ریمانڈ کی ضرورت پر سوال اٹھایا۔ ملزم کے وکیل اننت شرما نے بتایا کہ پولیس نے عدالت میں مشرا کے ریمانڈ کی درخواست دی تھی، مگر ریمانڈ کے کاغذات میں کئی خامیاں تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دستاویزات میں نوٹس دیے جانے کی تفصیلات درج نہیں تھیں، جس کے بعد عدالت نے ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی اور ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
شرما کے مطابق، کانپور پولیس نے شیوم مشرا کو صبح کے وقت باضابطہ طور پر گرفتار کیا اور تقریباً 10 بجے عدالت میں پیش کیا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا اور سہ پہر 3 بجے کے بعد اپنا حکم سنایا۔ عدالتی فیصلے کو “منصفانہ اور مناسب” قرار دیتے ہوئے شرما نے کہا کہ اس مرحلے پر نہ سزا کی کوئی شق بنتی ہے اور نہ ہی جرمانے کی، اسی لیے شیوم کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔
ملزم کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر دفاعی وکیل نریش چندر ترپاٹھی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ گرفتاری سپریم کورٹ کی ہدایات اور بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعات کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا كہ میں نے عدالت میں دلیل دی کہ پولیس نے گرفتاری کی کوئی معقول وجہ درج نہیں کی، خاص طور پر جب مبینہ جرائم میں سزا سات سال سے کم ہے۔ ترپاٹھی کے مطابق عدالت نے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز اور کی دفعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اختیارات کا استعمال کیا، ریمانڈ مسترد کر دیا اور 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ملزم کی رہائی کا حکم دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے حکومت کے دباؤ میں آ کر کارروائی کی اور گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا۔
رہائی کے بعد شیوم مشرا سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان عدالت کے احاطے سے باہر نکلے۔ سفید فیس ماسک پہنے ہوئے وہ پولیس اہلکاروں، وکلا اور میڈیا کی بھاری موجودگی کے درمیان اپنی گاڑی تک پہنچے۔