لالو پرساد کا کارکنوں کو جدوجہد جاری رکھنے کا پیغام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2026
لالو پرساد کا کارکنوں کو جدوجہد جاری رکھنے کا پیغام
لالو پرساد کا کارکنوں کو جدوجہد جاری رکھنے کا پیغام

 



پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے بانی لالو پرساد نے بدھ کے روز اپنی جماعت کے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ "ہم ہمیشہ سے جدوجہد کرنے والے رہے ہیں اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔" تقریباً دو دہائیوں سے بہار میں اقتدار سے باہر رہنے والی آر جے ڈی کے 30ویں یومِ تاسیس (5 جولائی) سے قبل پارٹی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں لالو پرساد نے شرکت کی۔

صحت کے مختلف مسائل کے باعث زیادہ تر وقت گھر پر گزارنے والے 70 سالہ لالو پرساد اس موقع پر پٹنہ میں واقع آر جے ڈی کے بیر چند پٹیل مارگ دفتر پہنچے، جہاں اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لالو پرساد اپنے چھوٹے صاحبزادے اور پارٹی کے قائم مقام صدر تیجسوی یادو کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کرسی پر بیٹھ کر کمزور آواز میں مختصر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ آر جے ڈی اپنی جدوجہد کے لیے جانی جاتی ہے اور ہماری یہ جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔" ان کا یہ بیان پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں آر جے ڈی کو سخت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور 243 رکنی اسمبلی میں وہ صرف 25 نشستیں حاصل کر سکی تھی۔

واضح رہے کہ آر جے ڈی 1997 میں وی پی سنگھ کی قائم کردہ جنتا دل سے علیحدگی کے بعد وجود میں آئی تھی۔ پارٹی 2005 میں بہار کے اقتدار سے اس وقت باہر ہوئی جب نتیش کمار کی قیادت والے این ڈی اے نے اسے انتخابات میں شکست دی۔