خلیجی ممالک میں پھنسے لاکھوں ہندوستانی، آئی ایم اے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-03-2026
خلیجی ممالک میں پھنسے لاکھوں ہندوستانی، آئی ایم اے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا
خلیجی ممالک میں پھنسے لاکھوں ہندوستانی، آئی ایم اے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا

 



نئی دہلی
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے اثرات کئی خلیجی ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ کویت، عمان، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں حالات متاثر ہوئے ہیں۔ ان ممالک میں لاکھوں ہندوستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں، جن میں انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے بعض اراکین بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 96 لاکھ ہندوستانی شہری مغربی ایشیا میں مقیم ہیں، جو جاری فوجی کشیدگی کے باعث کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے ہیں۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن  نے کہا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔ ضرورت مند افراد متعلقہ ممالک میں ہندوستانی سفارت خانوں کی جانب سے جاری کردہ ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ایم اے کے اراکین مدد کے لیے اعزازی فنانس سیکریٹری ڈاکٹر پیوش جین سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ آئی ایم اے نے سب سے اپیل کی ہے کہ پُرسکون رہیں اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ ضرورت مندوں کو بروقت مدد مل سکے۔
ہندوستانی سفارت خانوں کے ہنگامی رابطہ نمبر درج ذیل ہیں
کویت: فون +965-65501946
عمان: فون +968-98282270، 80071234 (ٹول فری)
سعودی عرب: فون 00-966-11-4884697، 00-966-542126748، 8002471234 (ٹول فری، صرف واٹس ایپ)
بحرین: فون 00973-39418071
متحدہ عرب امارات: فون 800-46342 (ٹول فری)، +971543090571
مغربی ایشیا میں تقریباً 96 لاکھ ہندوستانی متاثر
ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات اب ہندوستانی شہریوں پر بھی واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں۔ تقریباً 96 لاکھ ہندوستانی مغربی ایشیا میں رہائش پذیر ہیں، جو جاری فوجی تصادم کے باعث متاثر ہو رہے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد طلبہ، مسافر اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے تارکینِ وطن کی ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سب سے زیادہ مشکلات طلبہ کو درپیش ہیں، جو ہر وقت خوف اور بے چینی کی کیفیت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ہندوستان میں موجود ان کے اہل خانہ بھی شدید فکرمند ہیں۔
ہندوستانیوں کی سلامتی پر تشویش
ان میں سے تقریباً 40 لاکھ ہندوستانی صرف متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد سعودی عرب، قطر، عمان اور کویت میں بھی کام کر رہی ہے۔ موجودہ بحران کے سبب ان ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ تاہم حکومتِ ہند متعلقہ ممالک کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور شہریوں کو یقین دلایا گیا ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی انہیں وہاں سے محفوظ نکال لیا جائے گا۔