لکھیم پورکھری معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے: جماعت اسلامی ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-10-2021
لکھیم پورکھری معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے:  جماعت اسلامی ہند
لکھیم پورکھری معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے: جماعت اسلامی ہند

 

 آواز دی وائس، نئی دہلی

جماعت اسلامی ہند نے اترپردیش کے گاؤں لکھیم پور کھیری میں مبینہ سازشی حادثہ میں چار کسانوں کی اموات اور دیگر کئی افراد کے زخمی ہونے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یگانگت بھی کیا ہے۔اس حادثے میں کل آٹھ لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔

میڈیا کو جاری اپنے بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کہا کہ ”اس واقعہ کو حادثہ نہیں بلکہ مبینہ سازش کہا جارہاہے۔

اس کے ذریعہ کسانوں کے احتجاج کو غیر قانونی طور پر اور طاقت کے بل پر کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس واقعہ نے بالخصوص یوپی کے عوام اور بالعموم تمام باشندگان ملک پریہ واضح کردیا ہے کہ ملک میں شہریوں کے بنیادی حقوق کو تمام ہتھکنڈے استعمال کرکے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پُرامن احتجاج کررہے کسانوں پر حکومت اور اس کے ہمنواؤں کی طرف سے ظلم کیا جارہاہے۔ اسے عوام بھی نوٹ کررہی ہے اور مستقبل میں لکھی جانے والی تاریخ کی آنکھیں بھی دیکھ رہی ہیں۔ کسی بھی جمہوری ملک کے لئے ایسا رویہ قابل مذمت قرار پاتا ہے۔

پروفیسر سلیم نے حکومت اترپردیش سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسانوں کے قتل کی سازش میں ملوث تمام افراد چاہے وہ سیاسی اعتبار سے کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کے دائرے میں لائیں اور اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائے، خاطیوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے۔

جو کسان مارے گئے ہیں ان کے خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ کے طور پر دے۔ اتنا ہی نہیں حکومت کسانوں اور دیگر افراد جو اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ انہیں اس جمہوری حق سے محروم کرنے کے لئے ناجائز طریقوں کا استعمال نہ کرے، اس سے ہمارے ملک کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ ہم دنیا بھر میں باقار اور ایک مثالی جمہوریت کا جو خواب دیکھ رہے ہیں،وہ سراب کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔

(پریس ریلیزجماعت اسلامی ہند)