نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس کے سائبر کرائم یونٹ نے آن لائن سرمایہ کاری کے ایک بڑے فراڈ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے 22.7 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے منگل کے روز یہ جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ ایک جعلی اسٹاک ٹریڈنگ ایپلیکیشن کے ذریعے کیے گئے فراڈ سے متعلق ہے، جس میں متاثرہ شخص کو واٹس ایپ کے ایک ایسے گروپ کے ذریعے سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا جو خود کو اسٹاک مارکیٹ پر گفتگو کرنے والا مستند فورم ظاہر کر رہا تھا۔
۔13 نومبر کو درج کرائی گئی شکایت میں بتایا گیا کہ شکایت کنندہ کو “اسٹین چارٹ ڈائیلاگ فورم ایل 7” نامی واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا تھا۔ اس گروپ میں پانچ ایڈمن تھے اور وہاں ڈی میٹ شیئرز سے متعلق گفتگو ہوتی تھی۔ گروپ کی ایک ایڈمن یالِنی گُنا نے اپنی ایک ایپلیکیشن کے ذریعے سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا اور شیئرز فراہم کرنے کا دعویٰ کیا۔ سرکاری بیان کے مطابق شکایت کنندہ نے فراہم کیے گئے لنک کے ذریعے وہ ایپ انسٹال کر لی۔
اس معاملے میں بی این ایس کی دفعات 318(4)/340 کے تحت ای۔ایف۔آئی۔آر دہلی کے سائبر شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی۔ ابتدائی طور پر شکایت کنندہ نے مختلف تاریخوں پر 11 لین دین کے ذریعے تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی۔ جب اس نے رقم نکالنے کی کوشش کی تو ملزمان نے مختلف شرائط عائد کر دیں اور مزید رقم لگانے کے لیے دباؤ ڈالنے لگے۔ اس طرح شکایت کنندہ نے مجموعی طور پر 22 لاکھ 70 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کر دی۔ بعد ازاں اسے ایپلیکیشن پر بلاک کر دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران شکایت کنندہ سے ان بینک کھاتوں کی تفصیلات حاصل کی گئیں جن میں رقوم منتقل کی گئی تھیں۔ این سی آر پی پورٹل پر لین دین کی جانچ سے معلوم ہوا کہ رقم دو ٹرانزیکشنز کے ذریعے بینک آف مہاراشٹر کے ایک کھاتے میں جمع ہوئی تھی، جس کے کھاتہ دار کی شناخت سمیعیر کے طور پر ہوئی۔ متعلقہ موبائل نمبر کے کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) حاصل کیے گئے، جن سے فراڈ میں متعدد مشتبہ موبائل نمبروں کے استعمال کا انکشاف ہوا۔
10 نومبر کو تفتیشی افسر اپنی ٹیم کے ساتھ حصار، ہریانہ پہنچا، جہاں مشتبہ افراد کی شناخت سمیعیر اور دیو سنگھ کے طور پر ہوئی۔ فراڈ میں ان کے کردار کی تصدیق کے بعد دونوں کو حراست میں لے کر تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔
دورانِ تفتیش سمیعیر نے انکشاف کیا کہ اس نے مختلف بینکوں میں 5 سے 6 بینک اکاؤنٹس کھلوائے تھے اور ہر اکاؤنٹ کے عوض 4 ہزار روپے لے کر وہ اکاؤنٹس دیو سنگھ کے حوالے کر دیے تھے۔ ان کے قبضے سے دو موبائل فون اور تین سم کارڈ برآمد کیے گئے، جنہیں باقاعدہ ضبطی میموز کے تحت تحویل میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔