لیہہ (لداخ):لداخ میں ریاستی درجہ کا مطالبہ کرنے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران حالیہ تشدد کے بعد بھارتیہ نگرانک سرکشا سنہیتا(BNSS) کی دفعہ 163کے تحت لیہہ میں ہفتہ کے روز بھی پابندیاں نافذ رہیں۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق، ضلع میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔ کوئی بھی جلوس، ریلی یا مارچ بغیر تحریری اجازت کے منعقد نہیں کیا جا سکتا۔ علاقے میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
24 ستمبر کو لیہہ میں مظاہروں کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا اور مقامی بی جے پی دفتر کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔ ان جھڑپوں میں چار افراد ہلاک ہوئے۔ دو دن بعد ماہر ماحولیات اور کارکن سونم وانگچک کو نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ ان پر تشدد بھڑکانے کا الزام ہے۔ وانگچک کے اہلِ خانہ نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
وانگچک طویل عرصے سے لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جو قبائلی علاقوں کی انتظامیہ اور خودمختار ڈسٹرکٹ کونسلز کے قیام سے متعلق ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو وانگچک نے کہا تھا کہ وہ اپنی گرفتاری پر خوش ہوں گے کیونکہ اس سے لوگوں کو اس مسئلے سے آگاہی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اے این آئی کو بتایا:
"تشدد کے بعد سارا الزام مجھ پر ڈال دیا گیا۔ مجھے یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ میرے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مجھے بغیر مقدمے یا ضمانت کے دو سال تک جیل میں ڈالا جا سکتا ہے۔ میں کسی بھی وقت گرفتاری پر خوش ہوں گا کیونکہ یہ عوام میں بیداری پیدا کرے گا۔ لوگ دیکھیں گے کہ جس شخص نے ملک کو فخر دلایا وہ جیل میں ہے اور سمجھیں گے کہ ملک کس طرح چلایا جا رہا ہے۔ شاید یہ میری آخری خدمت ہوگی جو میں اپنے ملک کے لیے انجام دوں گا۔"
وانگچک کی گرفتاری پر اپوزیشن نے بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کانگریس نے مرکز پر لداخ کے حالات کو "غلط طریقے سے سنبھالنے" کا الزام لگایا جبکہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے اس گرفتاری کو "آمریت کی انتہا" قرار دیا۔