کے ٹی آر کا کانگریس حکومت پر حملہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-06-2026
کے ٹی آر کا کانگریس حکومت پر حملہ
کے ٹی آر کا کانگریس حکومت پر حملہ

 



کھمم
بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے پالےرو میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کی کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے سینئر وزراء پر بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کے الزامات عائد کیے۔
پارٹی کے ایک بیان کے مطابق، کے ٹی آر نے دعویٰ کیا کہ جہاں تلنگانہ کی معیشت مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، وہیں سینئر وزراء کے مالی مفادات اور کاروبار خوب پھل پھول رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ بھٹی وکرمارکا کمیشن پر مبنی سودوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے اتنی زیادہ دولت جمع کر لی ہے کہ اسے گننے کے لیے نوٹ گننے والی مشینیں بھی تھک جائیں گی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی سابقہ چھاپہ مار کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے سوال اٹھایا کہ مبینہ طور پر برآمد ہونے والی بھاری نقد رقم کے بارے میں اب تک کوئی وضاحت کیوں نہیں دی گئی۔ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ نہ بی جے پی اور نہ ہی کانگریس نے اس معاملے پر کوئی مؤقف کیوں اختیار کیا۔ انہوں نے کہا، "ای ڈی کی چھاپہ مار کارروائیوں کو دو سال گزر چکے ہیں، لیکن اب تک کوئی معقول وضاحت سامنے نہیں آئی۔ ان چھاپوں کے دوران مبینہ طور پر ضبط کیے گئے سیکڑوں کروڑ روپے کے بارے میں بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ پونگولیٹی نے زمین کے ایک بڑے حصے کو متنازع زمرے میں شامل کر دیا ہے اور ایسی زمینوں پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر سمجھوتے کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریونت ریڈی چور ہیں تو پونگولیٹی ایک ماہر چور کی طرح لوٹ مار کر رہے ہیں۔
بی آر ایس رہنما نے پونگولیٹی پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ غیر قانونی کان کنی اور زمینوں پر قبضے کے معاملات میں اپنے بیٹے کو استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے وٹّی ناگولپلی میں زمین کے تنازع سے متعلق حملوں کی خبروں پر بھی سوال اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ پونگولیٹی کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد ایک پولیس افسر کا تبادلہ کر دیا گیا۔
کے ٹی آر نے حکومت کی رہائشی اسکیم پر بھی تنقید کی اور 20 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کے وعدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر سوالات اٹھائے۔ پونگولیٹی کے اس پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ وہ رہائشی ہدف مکمل کرنے کے بعد ہی ووٹ مانگیں گے، کے ٹی آر نے پوچھا کہ کیا وزیر اب بھی اپنے اس وعدے پر قائم ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی مدت کا نصف حصہ گزر جانے کے باوجود 10 لاکھ مکانات بھی تعمیر نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے گھر بنانے کے لیے 6 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کے وعدے کی صورتحال پر بھی سوال اٹھایا اور الزام لگایا کہ حکومت نے نئے گھر تعمیر کرنے کے بجائے ویلوگومتلا میں موجود مکانات منہدم کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس حکومت صرف تباہی مچانا جانتی ہے، ترقی کرنا نہیں۔کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت زمین پر ٹیکس دوبارہ نافذ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس سے کسانوں پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس حکومت نے ایسے ٹیکس ختم کر دیے تھے۔
بی آر ایس رہنما نے ریت کی کان کنی میں بے ضابطگیوں کے الزامات بھی لگائے اور کہا کہ بعض وزراء سَمَکّا-سَرَلَمّا جاترا میلے سے متعلق کمیشن کے تنازعات میں ملوث رہے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کو نشانہ بناتے ہوئے کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ انہوں نے ایڈولف ہٹلر کو اپنا محرک قرار دیا تھا۔ انہوں نے حکومت پر ایسی پالیسیاں اپنانے کا الزام بھی عائد کیا جن سے عام شہریوں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ویلوگومتلا میں راتوں رات تقریباً ایک ہزار مکانات منہدم کر دیے گئے اور انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کی شکایات کو نظر انداز کر دیا۔ کے ٹی آر نے کھمم ضلع کے کانگریسی وزراء پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ضلع ان کی قیادت میں مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس حکومت اپنے اہم وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے، جن میں رائتو بندھو، رائتو بیمہ، بے روزگاری الاؤنس اور بڑھا ہوا پنشن شامل ہیں۔کے ٹی آر کے مطابق، اب بڑی تعداد میں لوگ یہ محسوس کرتے ہیں کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں تلنگانہ میں حکمرانی بہتر تھی اور وہ چاہتے ہیں کہ کے چندرشیکھر راؤ دوبارہ اقتدار میں آئیں۔
پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تنظیم کو مزید مضبوط بنانے، رکنیت سازی مہم پر توجہ دینے اور کانگریس حکومت کے خلاف عوامی ناراضی کو بی آر ایس کی حمایت میں تبدیل کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کے دوران شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ سیتارام پروجیکٹ کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پالےرو خطے کو آبپاشی کی سہولیات کا فائدہ ملا ہے۔کے ٹی آر نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں تلنگانہ کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی حاصل تھی اور بی آر ایس کے اقتدار میں کھمم ضلع میں تعلیمی اور طبی اداروں کا قیام عمل میں آیا تھا۔