نئی دہلی
مرکزی وزیر برائے آیوش پرتاپ راؤ جادھو نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی مرکزی تقریب 21 جون کو کولکتہ میں منعقد ہوگی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال یومِ یوگا کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" رکھا گیا ہے، جس کا مقصد جسمانی صحت، ذہنی سکون اور عمر کے بڑھنے کے ساتھ بہتر طرزِ زندگی میں یوگا کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ اعلان مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں واقع مغربی مندروں کے احاطے میں منعقدہ یوگا مہوتسو 2026 کے دوران کیا گیا، جو بین الاقوامی یومِ یوگا کی 25 روزہ الٹی گنتی کے آغاز کے موقع پر منعقد ہوا تھا۔اس پروگرام میں وزارتِ آیوش کے تحت مورا ر جی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) کی جانب سے بڑی تعداد میں یوگا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ کولکتہ اپنی قدیم تہذیبی وراثت اور روحانی شعور کے باعث بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی مرکزی تقریب کی میزبانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" کا موضوع اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ ہمہ جہتی صحت اور تندرستی کے فروغ میں یوگا کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یوگا ہندوستان کی قدیم دانش کا مظہر ہے اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور متوازن طرزِ زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جادھو نے کہا کہ کھجوراہو اپنی شاندار ثقافتی اور روحانی وراثت کے باعث ہندوستان کی قدیم روایات اور فلاحی طرزِ زندگی کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ان کے مطابق کھجوراہو میں عالمی سطح پر یوگا اور فلاح و بہبود کے مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بننا چاہیے اور وزارتِ آیوش وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے مطابق یوگا کو ہر گاؤں، گھر، اسکول، دفتر اور سماج کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
احتیاطی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جادھو نے کہا کہ یوگا اور آیوش آہار جیسی مہمات متوازن غذا، نظم و ضبط پر مبنی زندگی اور مجموعی صحت کو فروغ دیتی ہیں۔اس موقع پر وزیر نے یوگا سنگم پورٹل کا دوبارہ آغاز بھی کیا، جس کے ذریعے بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور عوامی شرکت کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے یوگا پارک پورٹل کا بھی افتتاح کیا، جس کا مقصد مختلف ریاستوں اور اداروں میں مخصوص یوگا مقامات کی ترقی میں مدد فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے یوگا، صحت اور فلاح و بہبود کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ایک خصوصی یوگا ٹی شرٹ بھی جاری کی۔
انہوں نے بتایا کہ "یوگا 365" مہم کے تحت 100 روزہ مفت یوگا تربیتی پروگرام میں دو لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے ورچوئل طور پر پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یوگا اور کھجوراہو ہندوستانی ثقافتی وراثت کی اہم علامتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل تیزی سے یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا رہی ہے، جس سے ایک زیادہ صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں مدد مل رہی ہے۔اس موقع پر مدھیہ پردیش کے وزراء اندر سنگھ پرمار اور دھرمندر بھاو سنگھ لودھی کے علاوہ کھجوراہو سے رکنِ پارلیمنٹ وشنو دت شرما نے بھی خطاب کیا۔