بانکڑا مسجد تک رسائی محدود کیے جانے پر جمعیۃ علماء ہند کا احتجاج،

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
بانکڑا  مسجد تک رسائی محدود کیے جانے پر جمعیۃ علماء ہند کا احتجاج
بانکڑا مسجد تک رسائی محدود کیے جانے پر جمعیۃ علماء ہند کا احتجاج

 



کولکتہ: کولکتہ ہوائی اڈے کے احاطے میں واقع تاریخی بانکڑا مسجد تک رسائی محدود کیے جانے کے خلاف جمعیۃ علماء ہند مغربی بنگال کی اپیل پر ریاست بھر میں جمعہ کی نماز کے دوران پرامن احتجاج کیا گیا۔ متعدد نمازیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔احتجاج کے پیش نظر بانکڑا مسجد کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ہوائی اڈے کے انتہائی حساس علاقے میں واقع اس مسجد پر عائد پابندیوں کے فیصلے کے خلاف مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

جمعیۃ علماء ہند مغربی بنگال کے صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے کہا، "آج ہندوستان کے لیے سیاہ دن ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ بانکڑا کو بدنام کیا گیا۔ مغربی بنگال میں ایک کروڑ افراد نے 55 ہزار مساجد میں نماز ادا کی اور سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔"

انہوں نے مزید کہا، "مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ بانکڑا کو بدنام کیا گیا۔ میں نے کبھی نہیں کہا تھا کہ یہاں لاکھوں لوگ جمع ہوں گے۔"یہ تنازع اس فیصلے کے بعد سامنے آیا جس میں مغربی بنگال کی حکومت نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں واقع تقریباً 130 سال قدیم بانکڑا مسجد کو ہوائی اڈے کی حدود سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل دسمبر 2025 میں بی جے پی کے رہنما سوبندو ادھیکاری نے بھی اس مسجد کے مقام پر سکیورٹی خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد کی موجودگی رن وے کی توسیع میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اسے ہندوستانی ہوائی اڈہ اتھارٹی سے مشاورت کے بعد دوسری جگہ منتقل کیا جانا چاہیے۔

سوبندو ادھیکاری نے کہا تھا کہ حساس ہوائی اڈے کے قریب، خصوصاً رن وے کے نزدیک مسجد کا ہونا تشویش کا باعث ہے۔ ان کے مطابق اگر مسجد کمیٹی ملک کے مفاد کو مدنظر رکھے تو متعلقہ حکام سے بات چیت کے ذریعے کسی دوسری جگہ نئی مسجد تعمیر کی جا سکتی ہے۔

فضائی حکام کے مطابق بانکڑا مسجد ہوائی اڈے کی ثانوی رن وے سے تقریباً 165 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد کی موجودگی رن وے کی توسیع، پروازوں کے آپریشن اور سردیوں میں شدید دھند کے دوران جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کی تنصیب میں رکاوٹ بن رہی ہے۔