نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ہندو دیوتاؤں کے بارے میں معلومات کو نصابی کتابوں میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ والدین بھی اپنے بچوں کے مذہب سے متعلق سوالات کے مناسب جواب دے سکیں۔ جمعہ کو "یوگانوکول ماترتوا" (عصری مادریت) کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ بچے اکثر ہندو دیوتاؤں کے بارے میں سوالات کرتے ہیں، لیکن والدین کے پاس ان کے جوابات نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا، "بچے آ کر پوچھتے ہیں کہ اس دیوتا کا چہرہ بندر جیسا کیوں ہے؟ اس دیوتا کا چہرہ ہاتھی جیسا کیوں ہے؟ لیکن اکثر نہ والد کو جواب معلوم ہوتا ہے اور نہ ہی والدہ کو۔" بھاگوت نے کہا کہ "یہ باتیں شروع سے ہی نصابی کتابوں میں ہونی چاہئیں۔ جو کچھ ہم بچوں کو سکھاتے ہیں، وہی ان کا علم بنتا ہے۔ زندگی کے ابتدائی بارہ برس ان کی تربیت ہمارے ہاتھ میں ہوتے ہیں، اس لیے ہمیں خود بھی سیکھنا چاہیے تاکہ بچوں کی صحیح رہنمائی کر سکیں۔"
آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کی پرورش کے لیے پہلے سے مختلف انداز اپنانا ہوگا، جہاں حکم دینے کے بجائے بات چیت اور مکالمے پر زور دیا جائے۔ انہوں نے کہا، "جب ہم بچے تھے تو والدین کی بات بغیر سوال کیے مان لیتے تھے، کیونکہ ہمیں یقین ہوتا تھا کہ انہوں نے زندگی زیادہ دیکھی ہے۔ لیکن آج ایسا نہیں ہے۔ اب بچوں کو ہر بات سمجھانا پڑتی ہے، کیونکہ وہ ایسے ماحول میں پروان چڑھ رہے ہیں جہاں ہر طرف مادی اثرات اور تشہیر کا غلبہ ہے۔"
بھاگوت نے کہا کہ بچوں کو محبت، وقت اور مکالمے کی ضرورت ہے۔ "انہیں حکم نہیں بلکہ گفتگو، اور زبردستی نہیں بلکہ اتفاقِ رائے چاہیے۔" خاندانی روابط میں کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل فون نے گھروں میں بات چیت کی جگہ لے لی ہے۔ انہوں نے کہا، "آج خاندان کے افراد ایک ہی گھر میں ہوتے ہیں، لیکن ایک دوسرے سے ملتے نہیں۔ شوہر، بیوی اور بچے سب اپنے اپنے موبائل فون میں مصروف رہتے ہیں۔ اگر ہم ایک دوسرے کے لیے وقت نکالیں گے تو بات چیت ہوگی، بچے اپنے دل کی بات کریں گے اور ان کے سوالات کے جواب دینا آسان ہوگا۔"
موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ بچے اپنے والدین کے کردار کو بہت غور سے دیکھتے ہیں۔ اگر والدین کی باتوں اور عمل میں تضاد ہو تو بچے ان پر اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا، "جو اقدار ہم بچوں کو سکھاتے ہیں، وہ ہماری اپنی زندگی میں بھی نظر آنی چاہئیں، ورنہ بچے سمجھ جاتے ہیں کہ ہم خود ان پر عمل نہیں کر رہے۔ محبت، مکالمہ اور ذاتی مثال ہی وہ بنیادیں ہیں جن کے ذریعے اچھی اقدار منتقل ہوتی ہیں اور بچوں کو ٹیکنالوجی کے منفی اثرات سے بچایا جا سکتا ہے۔"