بھنڈ۔:مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع میں نیشنل ہائی وے 719 پر ٹرک اور پک اپ گاڑی کے درمیان تصادم میں 8 مزدور ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔یہ حادثہ ضلع کے گوہد چوراہا تھانے کی حدود میں چھمکا گاؤں کے قریب نصف شب کے وقت پیش آیا۔ مزدور گوالیار کے ڈبرا اور چنور علاقوں میں دھان کی روپائی کا کام مکمل کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔ ان کا تعلق اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری سے تھا۔
گوہد چوراہا تھانے کے انچارج رام نرَش یادو نے بتایا کہ رات تقریباً 12 بجے نیشنل ہائی وے 719 پر حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 3 افراد نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔پولیس افسر کے مطابق تقریباً 25 سے 26 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ تمام زخمیوں کو گوالیار ٹراما سینٹر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
تھانہ انچارج نے بتایا کہ حادثہ چھمکا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ مزدور ایک لوڈنگ گاڑی میں سفر کر رہے تھے جسے ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور وہاں سے گزرنے والے لوگوں نے گاڑی میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ تمام متاثرین کو اسپتال پہنچایا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد اتر پردیش کے رہنے والے ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجہ واضح ہوگی۔حادثے میں زخمی ایک شخص نے بتایا کہ تمام متاثرین مرد تھے اور اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری کے رہنے والے تھے۔ وہ دھان کی روپائی کا کام مکمل کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شام تقریباً 7 بجے چنور سے روانہ ہوئے تھے اور رات تقریباً 12:30 بجے حادثے کا شکار ہوگئے۔زخمی شخص کے مطابق ایک ٹرک نے ان کی گاڑی کو سامنے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی۔ حادثے میں کچھ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر زخمی ہوئے۔