فلپائن میں اسکول میں فائرنگ سے 3 ہلاک، 7 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-06-2026
فلپائن میں اسکول میں فائرنگ سے 3 ہلاک، 7 زخمی
فلپائن میں اسکول میں فائرنگ سے 3 ہلاک، 7 زخمی

 



منیلا
فلپائن کے وسطی علاقے میں پیر کی صبح ایک ہائی اسکول میں دو مسلح کم عمر طلبہ کی فائرنگ کے نتیجے میں تین نوعمر طلبہ ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔ سرکاری میڈیا نے حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ پولیس نے دونوں مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے سان ہوزے نیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا، جو ٹاکلوبان سٹی میں واقع ایک سرکاری تعلیمی ادارہ ہے۔ٹاکلوبان سٹی پولیس آفس کے مطابق اس وقت کلاسیں جاری تھیں جب دونوں مشتبہ طلبہ اسکول کے احاطے میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد نویں جماعت کے ایک طالب علم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے مشتبہ طالب علم، جو نویں جماعت ہی کا طالب علم ہے، کو چند گھنٹوں بعد قریبی آبادی کے رہائشیوں کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے واقعے کی مکمل اور جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے، جبکہ حکام نے سکیورٹی سخت کرتے ہوئے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔فلپائن کے محکمہ تعلیم فلپائن نے فائرنگ کے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ طلبہ اور عملے کی مدد کے لیے حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔
محکمہ تعلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ طلبہ اور عملے کے لیے فوری طبی امداد اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ادھر صدر کی ترجمان کلیئر کاسترو نے بتایا کہ صدر مارکوس اس افسوسناک واقعے پر شدید رنجیدہ ہیں۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص، خصوصاً متاثرین کے والدین، اس واقعے پر غم اور خوف محسوس کرے گا۔کلیئر کاسترو نے مزید کہا کہ اسکولوں سمیت عوامی مقامات پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2022 میں بھی فلپائن کے دارالحکومت میں واقع اٹینیو ڈی منیلا یونیورسٹی میں ایک گریجویشن تقریب سے قبل فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک سابق میئر سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بعد ازاں تحقیقات میں معلوم ہوا تھا کہ یہ حملہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔