امپھال: منی پور پولیس نے ریاست کے سینی پتی ضلع میں کارروائی کرتے ہوئے 49.5 کلو گرام افیون ضبط کر لی ہے۔ پولیس نے منگل کے روز جاری بیان میں یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق اتوار کی صبح امپھال-دیماپور قومی شاہراہ نمبر 2 پر واقع ٹی کھلین کے مقام پر ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک چار پہیہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور گاڑی تیز رفتاری سے بھگا لے گیا۔
پولیس ٹیم نے گاڑی کا تعاقب کیا، جس کے بعد وہ کچھ فاصلے پر لاوارث حالت میں ملی۔ تلاشی لینے پر گاڑی کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے افیون کے 49 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 49.5 کلو گرام تھا۔ پولیس نے گاڑی کے مالک کی شناختی دستاویزات بھی ضبط کر لیں، جس کی بنیاد پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ گاڑی کے فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔