ستیسان نے اسمبلی میں یو ڈی ایف حکومت کا پہلا بجٹ پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-06-2026
ستیسان نے اسمبلی میں یو ڈی ایف حکومت کا پہلا بجٹ پیش کیا
ستیسان نے اسمبلی میں یو ڈی ایف حکومت کا پہلا بجٹ پیش کیا

 



ترواننت پورم 
کیرال کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن نے جمعہ کے روز اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے لیے یو ڈی ایف حکومت کا پہلا ریاستی بجٹ پیش کیا۔ ستیسن کے پاس محکمۂ خزانہ کا قلمدان بھی ہے۔
بجٹ پیش کیے جانے سے قبل محکمۂ طباعت نے کیرال ریاستی بجٹ کی چھپی ہوئی نقول وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچائیں۔ محکمۂ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے آر جیوتی لال بجٹ سے قبل کی روایتی کارروائی کے تحت بجٹ کی مطبوعہ دستاویزات لے کر وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے۔4 جون کو ریاستی اسمبلی میں کیرال کی مالیاتی صورتحال پر پیش کیے گئے وائٹ پیپر میں ریاست کی مالی حالت کی ایک تشویش ناک تصویر پیش کی گئی تھی۔ اس میں کہا گیا تھا کہ نئی یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ حکومت کو بھاری قرضوں، بڑھتی ہوئی مالی ذمہ داریوں اور خزانے پر مسلسل دباؤ جیسے سنگین مالی بحران ورثے میں ملے ہیں۔
مالیاتی رپورٹ کے اہم نکات کے مطابق کیرال کا مجموعی عوامی قرض 5.07 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ریاست کی آمدنی کا تقریباً 77 فیصد حصہ تنخواہوں، پنشن اور سود کی ادائیگی جیسے طے شدہ اخراجات پر خرچ ہو رہا ہے، جس کے باعث ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی گنجائش انتہائی محدود رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی کاموں پر ہونے والا سرمایہ جاتی خرچ ملک میں سب سے کم ہے۔ اس کے مطابق کیرال کا سرمایہ جاتی خرچ اس کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار  کا صرف 1.3 فیصد ہے، جو تمام ہندوستانی ریاستوں میں سب سے کم ہے، جبکہ ریاست کا مالیاتی خسارہ سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں خزانے کے بحران کی شدت پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے مطابق ریاست سال 2025 میں 262 دنوں تک "ویز اینڈ مینز ایڈوانسز" (مختصر مدتی قرض سہولت) پر انحصار کرتی رہی، جبکہ سال کے دوران 84 دنوں تک اوور ڈرافٹ کی صورتحال میں رہی۔
رپورٹ کے مطابق، وی ڈی ستیسن نے کہا کہ ان کی حکومت کو 48,733 کروڑ روپے کی زیر التوا مالی ذمہ داریاں بھی ورثے میں ملی ہیں، جن میں سرکاری ملازمین اور پنشن یافتگان کو واجب الادا مہنگائی الاؤنس اور مہنگائی ریلیف  کی بقایا رقم بھی شامل ہے۔