کیرالہ: اے پی شوکت علی کوزی کوڈ سٹی پولیس کمشنر مقرر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-06-2026
کیرالہ: اے پی شوکت علی کوزی کوڈ سٹی پولیس کمشنر مقرر
کیرالہ: اے پی شوکت علی کوزی کوڈ سٹی پولیس کمشنر مقرر

 



کوژیکوڈ
کیرالہ حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری کردہ تبادلہ اور تقرری کے احکامات کے بعد سینئر آئی پی ایس افسر اے پی شوکت علی کو کوزی کوڈشہر کا نیا پولیس کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔11 جون کو جاری سرکاری حکم نامے کے مطابق، اے پی شوکت علی (آئی پی ایس، کیرالہ کیڈر 2015)، جو اس سے قبل الاپّوزا میں کرائم برانچ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کا تبادلہ کر کے انہیں کوزی کوڈسٹی کا پولیس کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔
یہ تقرری ریاست میں آئی پی ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کے عمل کے تحت کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کوزی کوڈسٹی پولیس کمشنر کا ایک ایکس-کیڈر عہدہ بھی تخلیق کیا گیا ہے، جو 11 جون 2026 سے ایک سال کے لیے مؤثر رہے گا۔
سرکاری حکم کے مطابق، میرن جوزف (آئی پی ایس، کیرالہ کیڈر 2013)، جو اب تک کوزی کوڈشہر کی پولیس کمشنر تھیں، کا تبادلہ کر کے انہیں کوزی کوڈرورل کی ضلع پولیس سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اے پی شوکت علی ایک تجربہ کار پولیس افسر ہیں، جنہوں نے کیرالہ پولیس میں اپنی طویل خدمات کے دوران کئی اہم اور حساس مقدمات کی تحقیقات کی قیادت کی ہے۔
حال ہی میں انہوں نے 2023 کی "نوا کیرالہ یاترا" کے دوران وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی ٹیم کے ارکان کی جانب سے کانگریس کارکنوں پر مبینہ حملے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کی تھی۔پولیسنگ کے شعبے میں تین دہائیوں سے زائد تجربہ رکھنے والے شوکت علی نے 1995 میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد سب انسپکٹر کی حیثیت سے کیرالہ پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی اور بعد میں ترقی کرتے ہوئے اعلیٰ عہدوں تک پہنچے۔
انہیں شاندار تفتیشی خدمات کے اعتراف میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔شوکت علی نے 2014 سے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ساتھ بھی کام کیا اور کئی اہم مقدمات کی تحقیقات میں حصہ لیا۔
ان مقدمات میں ٹی پی چندر شیکھرن قتل کیس، کنکملا دہشت گردی کیس، تمل ناڈو میں دہشت گردی سے متعلق تحقیقات اور پیرس دہشت گرد حملوں کے سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کی کوششیں شامل ہیں۔انہوں نے 2020 کے سونے کی اسمگلنگ کیس کی تحقیقات میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ تفتیش کی ذمہ داری سنبھالنے کے کچھ ہی عرصے بعد مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
تھلاسری میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے طور پر اپنی خدمات کے دوران وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ٹی پی چندر شیکھرن قتل کیس کی تحقیقات کیں اور کئی اہم ملزمان کو گرفتار کیا۔
یہ تبادلہ اور تقرری کا حکم کیرالہ حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن  محکمہ کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اور 11 جون سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔