آکسیجن کے سبب ہوئی اموات کے لیے کیجریوال ذمہ دار۔ بی جے پی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-06-2021
اروند کیجریوال
اروند کیجریوال

 

 

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سبھاش شرما نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ سے واضح ہو گیا ہے کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی صدر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے سبب ملک کی دیگر 12 ریاستوں کی آکسیجن سپلائی پر بہت برا اثر ہوا جس کی وجہ سے کئی افراد کو جان گنوانی پڑی۔ شرما نے کہا کہ آکسیجن کے سبب ہوئی اموات کے لیے کیجریوال ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال کو اخلاقیات کی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ کی رپورٹ سے واضح ہو گیا ہے کہ کیجریوال حکومت کی جانب سے دہلی میں اسٹوریج اور ٹینکر کی کمی اور کچھ نجی اسپتالوں کی غلطی کے سبب آکسیجن بحران پیدا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت آکسیجن کے سلسلے میں ملک میں ہاہاکار مچا ہوا تھا، اس وقت مسٹر کیجریوال اور اے اے پی حکومت ضرورت سے چار گنا زیادہ آکسیجن کی ڈیمانڈ کرکے اس پر سیاست کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کو 300 ٹن آکسیجن کی ضرورت تھی جبکہ کیجریوال نے 1200 ٹن آکسیجن کی مانگ کی جسے مرکز کی مودی حکومت نے ہر حال میں پورا کیا۔ ڈاکٹر شرما نے کہا کہ ملک کے سپریم کورٹ کی آڈٹ رپورٹ میں مسٹر کیجریوال کی سیاست کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال نے ضرورت سے چار گنا زیادہ آکیسجن کا مطالبہ کیا جس سے آکسیجن کے ٹینکر سڑک پر کھڑے تھے۔ اگر یہ آکسیجن دوسری ریاستوں میں استعمال ہوتی تو کئی افراد کی جان بچ سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کے اس سنگین جرم کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر شرما نے کیجریوال سے اخلاقیات کی بنیاد پر استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی جانب سے اس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔