ایکسائز پالیسی کیس: کیجریوال کو ملی ہائی کورٹ سے راحت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
ایکسائز پالیسی کیس: کیجریوال کو ملی  ہائی کورٹ سے راحت
ایکسائز پالیسی کیس: کیجریوال کو ملی ہائی کورٹ سے راحت

 



نئی دہلی
عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ  کی جانب سے جاری کیے گئے سمن کے خلاف دائر اپنی عرضی واپس لے لی ہے۔ اس سے قبل آج جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ نے ایکسائز پالیسی سے جڑے منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے سلسلے میں ای ڈی کی جانب سے جاری سمن کو چیلنج کرنے والی عرضی واپس لینے کی اجازت دے دی۔
دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس معاملے کو مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتے، کیونکہ سمن کے بعد تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش نہ ہونے کے الزام میں درج فوجداری مقدمے میں انہیں پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے۔ تاہم، ای ڈی کی جانب سے پیش ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔
’میں اس عرضی پر زور نہیں دوں گا
کیجریوال کے سینئر وکیل نے کہا کافی وقت گزر چکا ہے۔ میں اس عرضی پر زور نہیں دوں گا۔ مناسب وقت پر آئینی دلائل پر غور کروں گا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ڈی کے اوپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا پر مشتمل بنچ نے دلائل سننے کے بعد کہا كہ لہٰذا، اس عرضی کو واپس لی ہوئی مانتے ہوئے خارج کیا جاتا ہے۔
بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ عرضی میں موجود تمام قانونی دلائل کھلے رکھے گئے ہیں۔ اس سے قبل، گزشتہ ماہ 22 جنوری کو ٹرائل کورٹ نے اروند کیجریوال کو ان کے خلاف درج دو الگ الگ مقدمات میں بری کر دیا تھا۔ یہ مقدمات مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالے کی تفتیش کے سلسلے میں بھیجے گئے سمن کے باوجود  ای ڈی کے سامنے پیش نہ ہونے پر درج کیے گئے تھے۔
کیجریوال سمن کے خلاف ہائی کورٹ کیوں گئے تھے؟
ٹرائل کورٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ ملزم اُس وقت ایک موجودہ وزیرِ اعلیٰ تھے اور “انہیں بھی آمد و رفت کا آئینی حق حاصل تھا”، کہا تھا کہ “سمن کی درست تعمیل سے متعلق قانونی چیلنج قابلِ سماعت ہے” اور ای ڈی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ اے اے پی رہنما نے جان بوجھ کر سمن کی تعمیل نہیں کی۔
کیجریوال نے 21 مارچ 2024 کو پیش ہونے کے لیے جاری کیے گئے ای ڈی کے نویں سمن کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ہائی کورٹ بنچ نے 20 مارچ 2024 کو تفتیشی ایجنسی سے عرضی کی قابلِ سماعت ہونے پر جواب داخل کرنے کو کہا تھا۔ اگلے دن عدالت نے کیجریوال کی گرفتاری سے تحفظ کی درخواست پر بھی ای ڈی سے جواب طلب کیا اور کہا کہ “اس مرحلے پر” وہ کوئی عبوری راحت دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اسی شام ای ڈی نے کیجریوال کو گرفتار کر لیا۔
سابق وزیرِ اعلیٰ کیجریوال اس وقت منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔ سپریم کورٹ نے پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ  کے تحت “گرفتاری کی ضرورت اور ناگزیریت” کے پہلو پر اٹھنے والے سوالات کو تفصیلی غور کے لیے ایک بڑی بنچ کے سپرد کر دیا ہے۔
بعد ازاں، 26 جون 2024 کو بدعنوانی سے متعلق ایک معاملے میں سی بی آئی کی جانب سے گرفتاری کے بعد، سپریم کورٹ نے 13 ستمبر 2024 کو اس کیس میں انہیں ضمانت دے دی تھی۔