نئی دہلی/ آواز دی وائس
منگل کے روز دہلی کے وزیر کپل مشرا نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے دورِ حکومت میں چھٹھ پوجا پر پابندیاں لگائی تھیں، عوام نے اب خود انہیں مسترد کر دیا ہے۔سابق وزیرِاعلیٰ اروند کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے مشرا نے موجودہ حکومت کی جانب سے دریائے جمنا کی صفائی کے کام کی تعریف کی اور دعویٰ کیا کہ اس وقت دریا میں جھاگ موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیجریوال گیا، جھاگ گیا ۔ اس بار جمنا میں کوئی جھاگ نہیں ہے… وزیرِاعلیٰ خود ہر گھاٹ پر گئیں… دہلی میں آج تک ایسی حکومت نہیں آئی… جن لوگوں نے جمنا کو آلودہ کیا اور چھٹھ پر پابندی لگائی تھی، دہلی کے عوام نے اب ان پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سے قبل آج، دہلی کی وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا نے دارالحکومت کے آئی ٹی او کے قریب ہاتھی گھاٹ پر چھٹھ پوجا کے اختتامی رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے سورج دیوتا کو ‘اوشا ارگھیہ’ پیش کیا اور روایتی پوجا کی۔
اپنی خوشی اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ وہ خود کو اس مقدس تہوار کا حصہ بننے پر خوش قسمت محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے چھٹھی مائی کی پوجا میں شریک ہونے کا موقع ملا اور ہم سب نے مل کر چھٹھ کے اس عظیم تہوار کو خوشی سے منایا۔ آج صبح ملک بھر میں عقیدت مندوں نے سورج دیوتا کو ‘اوشا ارگھیہ’ پیش کیا، جو چھٹھ پوجا کے اختتام کی علامت ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ندی کناروں، تالابوں اور گھاٹوں پر جمع ہوئے اور خوشحالی و بھلائی کے لیے دعائیں مانگیں۔
بہار میں عقیدت مند بڑی تعداد میں گھاٹوں اور ندی کناروں پر ‘اوشا ارگھیہ’ دینے پہنچے۔ انہوں نے پھول، پھل اور دیگر نذرانے گھاٹوں پر بڑے اہتمام کے ساتھ چڑھائے۔اہم گھاٹوں پر سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تاکہ تمام رسومات پرامن انداز میں مکمل ہوں۔ دہلی میں جمنا گھاٹ پر بھی بڑی تعداد میں لوگ سورج دیوتا کو ارگھیہ پیش کرنے پہنچے۔ آئی ٹی او کا ہاتھی گھاٹ روشنیوں سے جگمگا اٹھا، جہاں عقیدت مند بھجنوں اور منتر وچار کے ساتھ چھٹھ پوجا کی اختتامی رسومات ادا کر رہے تھے۔ وشواناتھ مندر کی نگری وارانسی کے گھاٹوں پر بھی ہزاروں عقیدت مندوں نے چھٹھ پوجا کی آخری رسومات ادا کیں۔ شاستری گھاٹ پر بھی عقیدت مند بڑی تعداد میں سورج دیوتا کی پوجا کے لیے جمع ہوئے۔
چار روزہ چھٹھ مہاپرو 25 اکتوبر کو نہائے-کھائے کی رسم کے ساتھ شروع ہوا، 26 اکتوبر کو "کھرنا"، 27 اکتوبر کو "سندھیا ارگھیہ" (شام کی پوجا) اور 28 اکتوبر کو "اوشا ارگھیہ" (صبح کی پوجا) کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔