کشمیر: جنگلات سے ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2025
کشمیر: جنگلات سے ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد
کشمیر: جنگلات سے ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد

 



شوپیاں: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے کیلر علاقے کے شُکرو جنگلات میں 13 مئی کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں لشکرِ طیبہ کے تین سرگرم دہشت گرد مارے گئے۔ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ ، فوج کی 20 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد مشترکہ کارروائی کا آغاز کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کیا، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فورسز کی جوابی کارروائی سے جھڑپ شدت اختیار کر گئی، جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں میں لشکرِ طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر شاہد کٹے شامل تھا، جو شوپیان کے چوٹی پورہ ہیرپورہ کا رہائشی تھا۔

وہ مارچ 2023 میں دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ہوا تھا اور متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا، جن میں 8 اپریل 2024 کو دانیِش ریزورٹ پر فائرنگ کے واقعے میں دو جرمن سیاحوں اور ایک ڈرائیور کا زخمی ہونا، 18 مئی 2024 کو ہیروپورہ میں بی جے پی سرپنچ کا قتل، اور 3 فروری 2025 کو کولگام کے بیہی باغ میں ٹیریٹوریل آرمی کے ایک جوان کی ہلاکت شامل ہے۔ دوسرا ہلاک ہونے والا دہشت گرد عدنان شفیع تھا، جو شوپیان کے وندونا میلہورہ علاقے کا رہنے والا تھا۔

وہ اکتوبر 2024 میں لشکر میں شامل ہوا اور 18 اکتوبر کو وچی میں ایک غیر مقامی مزدور کے قتل میں ملوث تھا۔ تیسرا دہشت گرد احسان الحق شیخ پلوامہ کے مورن کا رہائشی تھا، جو جون 2023 میں دہشت گردی کی راہ پر گامزن ہوا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، جن میں اے کے 47 رائفلیں، میگزین، دستی بم اور دیگر جنگی سامان شامل ہے، برآمد کر لیا ہے۔

شوپیان میں یہ کارروائی اس بڑے آپریشن کا حصہ تھی جو 22 اپریل کو بائسرن میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے تحت دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ان کے گھروں کو زمین بوس کرنا بھی شامل ہے۔ اسی مہم کے دوران شاہد کٹے اور عدنان شفیع کے مکانات بھی سیکیورٹی فورسز نے مسمار کر دیے۔ یہ آپریشن ایک بار پھر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کشمیر میں امن و امان بحال کرنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔