بنگلورو: جماعتِ اسلامی ہند نے جمعرات کے روز کرناٹک حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں میں طلبہ کو حجاب پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔ تنظیم نے اسے مذہبی آزادی اور تعلیمی حقوق کے تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
بنگلورو میں جاری ایک بیان میں جماعتِ اسلامی ہند کرناٹک کے امیر حلقہ محمد سعد بلگامی نے کہا کہ اس فیصلے سے مسلم طالبات کو بغیر خوف، غیر یقینی صورتحال اور غیر ضروری رکاوٹوں کے اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حجاب سے متعلق تنازع نے کئی طلبہ کے تعلیمی ماحول کو متاثر کیا اور ان کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ میں بھی بے چینی پیدا کی۔ انہوں نے کہا: “تعلیمی ادارے وہ محفوظ جگہیں ہونی چاہئیں جہاں طلبہ عزت، اعتماد اور تحفظ کے احساس کے ساتھ اپنی تعلیم حاصل کر سکیں۔”
بلگامی نے کہا کہ 5 فروری 2022 کے سرکاری حکم نامے کی واپسی آئین ہند میں درج مذہبی آزادی، تعلیمی حقوق اور دیگر آئینی ضمانتوں کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حجاب سمیت دیگر مذہبی علامات کو تسلیم کرنا بھارت کی تکثیری اور ہمہ گیر روایات کے مطابق ہے۔
انہوں نے محکمہ تعلیم اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس فیصلے کو خوشگوار ماحول میں نافذ کیا جائے اور کیمپس کو پرامن، باوقار اور امتیاز سے پاک رکھا جائے۔ واضح رہے کہ کرناٹک حکومت نے 13 مئی کو ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت اسکولوں میں طلبہ کو حجاب، مقدس دھاگہ، شیوا دھارا اور رودرکش پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اس پس منظر میں آیا ہے جب سابقہ بی جے پی حکومت نے 2022 میں ریاست گیر حجاب بمقابلہ زعفرانی اسکارف تنازع کے دوران اسکولوں میں حجاب پر پابندی عائد کر دی تھی۔