کرناٹک: پی یو کالج کے پراکٹیکل امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2022
کرناٹک: پی یو کالج کے پراکٹیکل امتحانات  ملتوی کرنے کا مطالبہ
کرناٹک: پی یو کالج کے پراکٹیکل امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ

 

 

اُڈپی: حجاب  تنازعہ کی جنم بھومی کرناٹک میں یہ مسئلہ طول پکڑ رہا ہے۔ ایک جانب سب کی نظریں عدالت پر ہیں تو دوسری جانب کرناٹک میں ہر دن کوئی نہ کوئی خبر ٓٓرہی ہے۔اب اپنے حجاب حق کےلئے عدالت میں لڑائی لڑ رہیں باحجاب طالبات نے محکمہ تعلیمات عامہ کے ڈپوٹی ڈائرکٹر کی معرفت محکمہ تعلیمات عامہ پی یوبورڈ کے کمشنر کو میمورنڈم سونپتےہوئے مطالبہ کیا ہےکہ پی یو کالج کے پراکٹیکل امتحانات کو ملتوی کیا جائے۔ 

میمورنڈم میں طالبات نے کہا ہے کہ پی یو بورڈ کی ہدایات کے مطابق کالجوں میں طلبا کے لئے پراکٹیکل امتحانات شروع ہوئے ہیں۔ لیکن ہماری کالج میں حجاب یعنی یونیفارم کو لےکر ریاستی ہائی کورٹ میں شنوائی چل رہی ہے۔ ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے مطابق متعلقہ کالجوں کی انتظامیہ نے کالجوں میں حجاب پہن کر کالج میں داخل ہونے سے منع کیا ہے۔اور ریاست کی کئی کالجوں میں حجاب پر پابندی عائد کئے جانے کی وجہ سے مسلم طالبات کو امتحانات میں شریک ہونے سے روکا گیا ہے۔

میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ حجاب اسلام کا ایک لازمی حصہ ہے اور اس کا تعلق عقیدہ سے ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کے لئے لازمی ہے۔ اس لئے امتحانات کے اوقات میں پیدا ہوئےمعاملے کی وجہ سے ہزاروں طلبا کی زندگی مشکل میں پھنسی ہے ۔ہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ صادر ہونے تک طلبا کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے پراکٹیکل امتحانات ملتوی کرنے کی طالبات نے حکومت سے اپیل کی ہے۔ اس موقع پر کئی طالبات موجود تھیں۔