ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری سے قبل سج گیا کنکا پورہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری سے قبل سج گیا کنکا پورہ
ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری سے قبل سج گیا کنکا پورہ

 



کاناکاپورا 
کرناٹک کے نامزد وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری کی تقریب سے قبل بدھ کے روز ان کے آبائی حلقے کنکاپورہمیں جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ پورا علاقہ مبارکبادی بینرز، پوسٹروں اور بڑے کٹ آؤٹس سے سجا ہوا ہے، جن میں انہیں وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی جا رہی ہے۔
بنگلورو کے لوک بھون میں شام 4 بجے ہونے والی حلف برداری کی تقریب سے قبل ان کی رہائش گاہ اور پورے حلقے میں خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔دریں اثنا، ڈی کے شیوکمار نے منگل کے روز کہا تھا کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت آج صبح 10 بجے یا دوپہر تک وزراء کی حتمی فہرست جاری کرے گی۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے وزراء کے انتخاب سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کے ناموں سے متعلق میڈیا میں آنے والی اطلاعات سرکاری نہیں ہیں۔ اعلیٰ قیادت کل (آج) صبح 10 بجے یا دوپہر تک وزراء کی فہرست جاری کرے گی۔
شیوکمار نے یہ بھی تصدیق کی کہ کانگریس بھون کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلف برداری کے بعد پارٹی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں اور کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔یہ حلف برداری تقریب ایک طویل سیاسی عمل کے اختتام کی علامت ہے، جو 28 مئی کو وزیر اعلیٰ سدارامیا کے استعفے کے بعد شروع ہوا تھا۔ ان کے استعفے کے بعد ریاست میں قیادت کی منتقلی کی راہ ہموار ہوئی، جبکہ گورنر نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے وزراء کونسل کو تحلیل کر دیا تھا۔
اس سے قبل منگل کو کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے نئی دہلی میں ڈی کے شیوکمار اور سدارامیا کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں نئی کابینہ کی تشکیل، راجیہ سبھا نامزدگیوں اور تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسی دوران آل انڈیا کانگریس کمیٹی  نے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو فوری طور پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا۔
سیاسی حکمت عملی، بحرانوں کے انتظام اور کرناٹک میں کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے کے کئی عشروں کے بعد ڈوڈالاہلی کیمپے گوڑا شیوکمار، جو عام طور پر ڈی کے شیوکمار کے نام سے مشہور ہیں، کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کے رہنما منتخب ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔آٹھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی  کے صدر شیوکمار کو پارٹی کا "مسئلہ حل کرنے والا رہنما" بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے عوامی سطح پر مضبوط بنیاد قائم کرتے ہوئے سیاسی صفوں میں مسلسل ترقی کی۔سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پریانکا گاندھی واڈرا اور ملکارجن کھڑگے سمیت کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات نے طویل اندرونی مشاورت کے بعد ان کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار کی۔15 مئی 1962 کو کنکاپورہمیں پیدا ہونے والے شیوکمار نے 1980 کی دہائی میں طالب علم رہنما کے طور پر سیاست میں قدم رکھا۔ 1985 میں ابتدائی ناکامی کے بعد انہوں نے 1989 میں 27 سال کی عمر میں پہلی بار اسمبلی انتخاب جیتا اور اس کے بعد مسلسل آٹھ مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ووکالیگا اکثریتی علاقوں میں اپنی مضبوط سیاسی بنیاد قائم کی۔
اپنی تنظیمی صلاحیتوں کے لیے مشہور شیوکمار ماضی میں کانگریس حکومتوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، جن میں 2002 کا مہاراشٹر سیاسی بحران اور 2017 کے گجرات راجیہ سبھا انتخابات شامل ہیں۔ 2023 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی میں بھی ان کا کردار اہم سمجھا جاتا ہے۔وہ 2020 سے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہیں اور گزشتہ حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کے سیاسی سفر میں کئی تنازعات بھی شامل رہے ہیں، جن میں مرکزی ایجنسیوں کی متعدد تحقیقات اور 2019 میں مختصر مدت کی قید شامل ہے، تاہم یہ معاملات ان کی سیاسی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے۔