جسٹس سوریہ کانت نے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-11-2025
جسٹس سوریہ کانت نے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا
جسٹس سوریہ کانت نے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
جسٹس سوریہ کانت نے پیر کے روز ہندوستان کے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ انہوں نے جسٹس بی آر گوائی کی جگہ یہ منصب سنبھالا، اور ان کی تقریباً پندرہ ماہ پر مشتمل مدتِ کار کا آغاز ہوا۔
صدر مرمو نے آج راشٹرپتی بھون میں جسٹس سوریہ کانت سے عہدے کا حلف دلایا۔
جسٹس کانت 10 فروری 1962 کو ہریانہ کے شہر حصار میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1984 میں حصار ڈسٹرکٹ کورٹ میں وکالت کا آغاز کیا اور 1985 میں پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں پریکٹس کے لیے چندی گڑھ منتقل ہو گئے۔
آئینی، سروس اور دیوانی معاملات میں مہارت رکھنے والے جسٹس کانت نے متعدد یونیورسٹیوں، بورڈز، کارپوریشنز، بینکوں اور خود ہائی کورٹ کی نمائندگی بھی کی ہے۔ وہ 7 جولائی 2000 کو ہریانہ کے کم عمر ترین ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیے گئے اور اگلے سال مارچ میں سینیئر ایڈووکیٹ نامزد ہوئے۔ 9 جنوری 2004 کو انہیں پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر کیا گیا۔ پندرہ سال بعد، 24 مئی 2019 کو جسٹس سوریہ کانت کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔
وہ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے دو مرتبہ رکن رہ چکے ہیں اور فی الحال انڈین لاء انسٹی ٹیوٹ کی متعدد کمیٹیوں کے رکن ہیں، جو سپریم کورٹ کے تحت ایک موقر ادارہ ہے۔ انہوں نے 1981 میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سے گریجویشن کیا، اور 1984 میں مہارشی دیانند یونیورسٹی، روہتک سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ جسٹس کانت اپنی مدتِ کار کے دوران ملک بھر میں مقدمات کے بڑے پیمانے پر زیرِ التواء ہونے کے مسئلے کو کم کرنے پر خصوصی توجہ دینا چاہتے ہیں۔
چیف جسٹس آف انڈیا کا منصب سنبھالنے سے قبل اپنے سرکاری رہائش گاہ پر قانونی صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے اپنی ترجیحات بیان کیں۔ انہوں نے ثالثی (میڈی ایشن)، جو متبادل تنازعات کے حل کا ایک طریقہ ہے، کو "گیم چینجر" قرار دیا، جو فریقین کو تیز اور عدالت کے باہر تصفیہ فراہم کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیرِ التواء مقدمات  کو انفرادی عدالتوں کی سطح پر بھی نمٹانا ضروری ہے اور پورے ہندوستان کی سطح پر بھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اس مسئلے کو اٹھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق ایک اہم چیلنج مختلف معاملات کا آپس میں اوورلیپ ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں معاملات اس وجہ سے رکے ہوئے ہیں کہ وہ بڑی بنچوں کے فیصلوں کے انتظار میں ہیں۔ ان کے مطابق اس کے نتیجے میں ہائی کورٹس اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی متعدد غیر حل شدہ قانونی سوالات کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ پیچیدگیاں دور ہو جائیں گی تو اگلے اقدامات کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ متعدد ممالک کے چیف جسٹسز اور غیر ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد نے جسٹس سوریہ کانت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ اب تک کسی ہندوستانی چیف جسٹس کی تقریبِ حلف برداری میں آنے والا سب سے بڑا وفد تھا۔
تقریب میں ملیشیا، ماریشس، نیپال، بھوٹان، کینیا اور سری لنکا کے معزز مہمان شریک ہوئے۔ سری لنکا سے چیف جسٹس پی پدمان سوراسینا، ان کی اہلیہ سیپالیکا سوراسینا، اور سپریم کورٹ کے جسٹس ایس تھورائرجہ موجود تھے۔ نیپال سے چیف جسٹس پرکاش مان سنگھ راؤت، سپریم کورٹ کی جج سپنا پرادھن مَلّا، ان کے شریکِ حیات اشوک بہادر مَلّا، نیپال کے وزیرِ قانون، انصاف و پارلیمانی امور انیل کمار سنہا، اور ان کی اہلیہ اُرسِلا سنہا نے شرکت کی۔
ماریشس کی چیف جسٹس بی بی رہانہ مَنگلی-گلبل اور ان کی بیٹی ربیکا ہنّا بی بی گلبل بھی موجود تھیں۔ ملیشیا سے فیڈرل کورٹ کی جسٹس تان سری دتوک نالینی پاتھماناتھن اور ان کے شریکِ حیات پاسوپتھی سیواپراگاسم نے شرکت کی۔ کینیا سے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کی صدر مارٹھا کومے، اور سپریم کورٹ کی جج جسٹس سوزن نجوکی ندونگو موجود تھیں۔
بھوٹان سے چیف جسٹس لیونپو نوربو چھیرنگ اور ان کی اہلیہ لہادین لوٹے بھی شریک ہوئے۔ جسٹس سوریہ کانت تقریباً پندرہ ماہ تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے، اور 9 فروری 2027 کو ریٹائر ہوں گے۔