جسٹس این وی رمنا ملک کے 48ویں چیف جسٹس بنے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 6اپریل کو جسٹس رمنا کو نیا چیف جسٹس مقرر کیا تھا
جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 6اپریل کو جسٹس رمنا کو نیا چیف جسٹس مقرر کیا تھا

 

 

حیدرآباد

آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے جسٹس این وی رمنا نے ملک کے 48ویں چیف جسٹس کے طورپر آج حلف اٹھایا۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 6اپریل کو جسٹس رمنا کو نیا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔کووند نے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس بوبڈے کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے یہ احکام جاری کئے تھے۔ یاد رہے کہ جسٹس بوبڈے 23اپریل کو سبکدوش ہوگئے تھے ۔

جسٹس این وی رمنا 26اگست 2022 کو اس عہدہ سے سبکدوش ہوں گے۔ جسٹس رمنا اے پی سے تعلق رکھنے والے دوسرے فرد ہیں جو ملک کی عدالت عظمی کے چیف جسٹس مقرر کئے گئے۔قبل ازیں جسٹس کوکا سباراو جن کا تعلق اے پی کے راجمندری سے تھا چیف جسٹس بنائے گئے تھے۔وہ ملک کے نویں چیف جسٹس تھے جنہوں نے 1966تا1967 خدمات انجام دی تھیں۔جسٹس رمنا کی پیدائش 27اگست 1957کو ضلع کرشنا کے ایک کسان خاندان میں ہوئی تھی۔

انہوں نے 1983میں وکیل کے طور پراپنا اندراج کروایا تھا۔انہوں نے جج کے طورپر خدمات کے آغاز سے پہلے اے پی ہائی کورٹ،سنٹرل اور اے پی اڈمنسٹریٹیو ٹریبونلس میں بھی وکالت کی تھی۔وہ دستور،فوجداری،بین ریاستی دریاوں کے قوانین کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔جسٹس رمنا ستمبر2013میں دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر کئے گئے تھے۔بعد ازاں ان کو ترقی دیتے ہوئے فروری 2014میں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیاگیا تھا۔جسٹس رمنا تقریبا16 ماہ تک چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔جسٹس رمنا نے ایمرجنسی کے دور میں سیول لبرٹیز اور 1970کے دوران علحدہ آندھراریاست کے لئے چلائی گئی جئے آندھراتحریک میں بھی حصہ لیا تھا۔